اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے میدانی علاقوں میں بارش و پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ پانچویں روز بھی جاری رہا درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور معمولات زندگی متاثر ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پچھلے چار روز سے جاری بارشوں، ژالہ باری و تازہ برفباری کے بعد بدھ کو بھی ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری و گندوہ و دیگر مضافات میں شدید بارش و بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی جس کی وجہ سے خطہ میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا اوررابطہ سڑکیں و گلی کوچے زیر آب ہو گئے۔ اس دوران ڈوڈہ بٹوت قومی شاہراہ سمیت متعدد رابطہ سڑکوں پر پتھر گرنے کا سلسلہ بھی وقفے وقفے سے جاری رہا جس کے نتیجے میں دن بھر ٹریفک نظام معطل رہا۔ متواتر بارشوں کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور ضلع انتظامیہ نے احتیاطی طور پر بدھ کے روز ضلع میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا۔ وہیں پولیس و سیول انتظامیہ نے ہیلپ لائن نمبرات جاری کرتے ہوئے لوگوں سے کسی بھی ایمرجنسی کے دوران قائم کئے گئے کنٹرول روم کے ساتھ رابطہ کرنے و خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ شدید بارشوں سے بجلی کے 33 کے وی کو بھی نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے گندوہ، بھلیسہ، کاہرہ ،ٹھاٹھری و دیگر درجنوں دیہات بجلی سے محروم ہوئے ہیں اور پانی کی کئی اسکیمیں سیلاب میں بہہ گئیں ہیں۔ پانچ روز سے جاری متواتر بارشوں کے بعد بدھ کی سہ پہر مطلع صاف ہوا اور کچھ دیر کے لئے تیز دھوپ بھی رہی جس کے بعد لوگوں نے راحت کی سانس لی۔
ڈوڈہ میں 5ویں روز بھی بارش و برفباری معمولات زندگی متاثر، بدھ کو تعلیمی نظام معطل رہا
