ڈوڈہ //پی ایچ ای و آبپاشی کے وزیر شام لال چودھری نے ڈوڈہ ضلع میں مختلف واٹر سپلائی سکیموں کا معائینہ کر کے فیلڈ عملے پر زور دیا ہے کہ وہ مختلف علاقوں کے لوگوں کوپینے کا معیاری پانی پہنچانے کیلئے نگرانی کے عمل کو مستحکم بنائیں ۔ دورے کے دوران کئی اعلیٰ افسران بھی وزیر کے ہمراہ تھے ۔ شام لال چودھری نے واٹر سپلائی سکیم منچن اور دیولی کا دورہ کیا ۔ ان دوسکیموں کی صلاحیت بالترتیب 30 ہزار گیلن اور 15 ہزارگیلن فی گھنٹہ ہے ۔ انہوں نے فلٹریشن پلانٹوں کا بھی معائینہ کیا اور انہیں ان کے کام کاج کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔ وزیر نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ پانی جمع کرنے والے تالابوں کی صفائی ستھرائی کو مون سون سیزن کے دوران یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ پانی کا متواتر بنیادوں پر تجزیہ کیا جانا چاہیے ۔ اس موقعہ پر افسروں اور فیلڈ عملے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت عام لوگوں تک پہنے کا صاف پانی پہنچانے کیلئے وعدہ بند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دستیاب وسائل کو بھر پور طریقے پر بروئے کار لایا جانا چاہیے تا کہ لوگوں کو آسانی سے پینے کا صاف پانی میسر ہو سکے ۔