اشتیاق ملک
ڈوڈہ //بھاجپا کی قیادت والی حکومت ہر سطح پر ناکام رہی ہے، جموں و کشمیر کی عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہے اور سرکار سبز باغ دکھا کر انہیں گمراہ کر رہی ہے. اگلی حکومت نیشنل کانفرنس کی ہو گی۔ان باتوں کا اظہار این سی کے صوبائی صدر رتن لال گپتا نے ڈوڈہ میں منعقد ایک روزہ پارٹی کنونشن سے مخاطب ہوتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صوبائی سیکرٹری شیخ بشیر احمد، نائب صدر خالد نجیب سہروردی، زونل صدر سجاد احمد کچلو ،سابق ارکان اسمبلی قاضی جلال الدین، ڈاکٹر چمن لال گپتا کے علاوہ ڈی ڈی سی کونسلر ،بی ڈی سی چیئرپرسنز ،پنچائتی اراکین و پارٹی کے دیگر کارکنوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطہ چناب کے مختلف علاقوں سے آئے پارٹی کارکنوں نے عوام کو درپیش مسائل سے اعلیٰ قیادت کو آگاہ کیا۔صوبائی صدر نے اس موقع پر بولتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی قیادت میں مرکزی حکومت و ایل جی سرکار عوام کی سیاسی و تعمیری امنگوں کو پورا کرنے و بے روزگاری، مہنگائی و بے کاری ہٹانے میں ناکام ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو راحت پہنچانے کے بجائے بی جے پی نے ملک بھر میں نفرت و مذہبی سیاست کو فروغ دے کر تکبرانہ و تعصبانہ رویہ اختیار کیا ہے۔
انہوں پارٹی کارکنوں سے متحد ہو کر گھر گھر جا کر تنظیم کی مضبوطی کیلئے کام کرنے و آنے والے پنچائتی و بلدیاتی انتخابات کے لئے کمربستہ رہنے پر زور دیا۔سابق وزیر و صوبائی نائب صدر خالد نجیب سہروردی نے کہا موجودہ حکومت شفافیت و بدعنوانی سے پاک معاشرے کے بلند بانگ دعوے کررہی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ بدعنوانی عروج پر ہے اور عام آدمی کی کہیں شنوائی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ این سی برسر اقتدار آئی تو ان سبھی بیماریوں کا صفایا ممکن ہوگا۔
زونل صدر و سابق وزیر سجاد احمد کچلو نے اس موقع پر بولتے ہوئے کہا کہ عوام کو مایوسی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا اور لوگوں میں موجودہ حکومت کے خلاف اقتدار مخالف کا احساس ناقابل برداشت کی حد تک پہنچ گیا ہے۔انہوں نے پارٹی کارکنوں سے نیشنل کانفرنس سرکار کی حصولیابیوں کو بیان کرنے و تنظیم کے منشور کو زمینی سطح پر پہنچانے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ آنے والا کل نیشنل کانفرنس کا ہے جس کے لئے آج سے ہی تمام تر تیاریاں کرنے کی ضرورت ہے۔