عظمیٰ نیوزسروس
ڈوڈہ// ڈوڈہ کے کلمال گاؤں کے قریب سے ایک لاپتہ شخص کی لاش مشتبہ حالات میں برآمد کی گئی۔ حکام نے بتایاکہ لاپتہ شخص کی لاش ڈوڈہ کے گاؤں کلمال کے قریب سے ملی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بعد میں اس شخص کی شناخت محمد اسحاق ولد غلام حسین، تحصیل چلی پنگل، ڈوڈہ کے گندوہ کے رہائشی کے طور پر ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ فرد کی گمشدگی کی اطلاع دی گئی تھی، جس کی باقاعدہ شکایت درج کرائی گئی تھی، اور لاش کی بازیابی کے بعد حکام نے تفتیشی کارروائی شروع کر دی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ متوفی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال گندوہ منتقل کیا گیا ہے تاکہ موت کی صحیح وجہ کا تعین کیا جا سکے۔ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔ادھرہفتہ کو کوٹی سے ڈوڈہ جانے والا ایک آٹو سڑک سے پھسل کر ڈوڈہ ضلع میں کوٹی نالہ کے قریب تقریباً 50فٹ نیچے گرنے سے چار افراد زخمی ہو گئے۔ایک عہدیدار نے بتایا کہ حادثہ کوٹی سے ڈوڈہ جاتے ہوئے پیش آیا اور سڑک سے پھسل کر کوٹی نالہ کے قریب تقریباً 50 فٹ نیچے جا گرا۔چار افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی علاج کے لیے فوری طور پر جی ایم سی ڈوڈہ منتقل کیا گیا۔دریں اثناء پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔