اشتیاق ملک
ڈوڈہ //پچھلے دو روز سے جاری مسلسل برفباری و بارشوں کے بعد جمعہ کو مطلع صاف رہا تاہم ضلع کے درجنوں دیہات میں پانی، بجلی و سڑک نظام متاثر رہا اس دوران ضلع انتظامیہ نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے میڈیکل ایمرجنسی و دیگر ضروریات کے کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں اور لوگوں سے پہاڑی علاقوں کا رخ و سڑکوں پر بھاری پھسلن و کورا لگنے کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر ضروری سفر کرنے سے منع کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق طویل خوشک سالی کے بعد بدھ و جمعرات کو متواتر برفباری و بارشوں سے جہاں ڈوڈہ ضلع کے شہر و گام میں معمولات زندگی متاثر ہوئی وہیں لوگوں نے خوشی کا بھی اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آنے والے وقت میں زراعت، باغبانی و دیگر شعبوں کے لئے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے اور پینے کے صاف پانی و آبی ذخائر میں بھی اضافہ ہو گا.
جمعہ کو مطلع صاف رہا تاہم ڈوڈہ ،بھدرواہ ،ٹھاٹھری ،گندوہ بھلیسہ ،بونجواہ ،کاہرہ ،چرالہ و عسر کے دیگر مضافات میں درجنوں دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا وہیں بٹوت کشتواڑ ڈوڈہ قومی شاہراہ پر بھی دوران شب بھاری پھسلن کے باعث ٹریفک کی آمدورفت رفت کچھ دیر لئے معطل رہی. سابق بی ڈی سی چیئرمین چنگا محمد عباس راتھر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ طویل خوشک سالی کے بعد ہوئی برفباری و بارشوں سے اگر چہ لوگوں کو راحت ملی ہے تاہم اندرونی دیہات کی رابطہ سڑکوں پر برف و ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ پر بھاری پھسلن پیدا ہونے سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے اور درجنوں دیہات میں پانی و بجلی نظام متاثر ہوا ہے اور پکڈنڈی راستے بھی تباہ ہوئے ہیں. انہوں نے انتظامیہ سے متاثرہ علاقوں میں پانی، بجلی نظام بحال کرنے و رابطہ سڑکوں سے برف ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مقامی آبادی کو راحت مل سکے۔