اشتیاق ملک+پرویز خان
ڈوڈہ +منجاکوٹ//ڈوڈہ بٹوت قومی شاہراہ پر بس کی ٹکر سے ایک جواں سالہ موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوا ہے۔اطلاعات کے مطابق جموں سے ڈوڈہ کی طرف جارہا ایک موٹرسائیکل زیر نمبر6523JK06B-9مخالف سمت سے آرہی بس زیر نمبر JK02BW-1839بگر عسر کے نزدیک ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں عابد حسین ولد ریاض احمد ساکنہ چنیاس بھلیسہ شدید زخمی ہوا جسے پولیس و مقامی لوگوں کی مدد سے نزدیکی ہسپتال منتقل کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔طبی لوازمات مکمل کرنے کے بعد مہلک جوان کی لاش کو وارثین کے سپرد کیا گیا۔اس سلسلہ میں عسر پولیس تھانہ میں ایف آئی آر زیر نمبر 09/2023 زیردفعہ 279،338آئی پی سی درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔ادھرمنجا کوٹ تحصیل کے گھمبیر مغلاں علاقہ کے چترو محلہ میں گاڑی گہری کھائی میں گرنے سے سڑک بلیک ٹاپنگ کیلئے سامان لے جانے والے ٹرک ڈرائیور کی موت ہو گئی۔مرنے والے کی شناخت سنیل کمار ولد جگدیش راج سکنہ گودر پوٹھا گاؤں راجوری کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس حکام نے بتایا کہ راجوری ضلع کی منجاکوٹ تحصیل کے گمبھیر مغلاں گاؤں کے چترو محلہ میں سڑک پر بلیک ٹاپنگ کا کام جاری ہے جس کے دوران ایک ٹپر گاڑی زیر نمبر JK11C-5524سڑک سے لڑھک کر کئی سو فٹ گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں ڈرائیور سنیل کمار زخمی ہو گیا جسے مقامی لوگوں نے مقامی ہسپتال پہنچایا جہاں سے اسے جی ایم سی راجوری ریفر کر دیا گیاتاہم زخمی ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔پولیس نے کہا کہ منجاکوٹ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرنے کے بعد اس معاملے کی تحقیقات، قانونی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔دریں اثناء چترو گاؤں کے ایک مقامی باشندے نے اس حادثے کی ایک ویڈیو بھی بنائی جو کہ اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے ۔
تعمیراتی کمپنی کیساتھ کام کرنیوالامزدور
کرین کے نیچے کچل کر ہلاک
ایم ایم پرویز
رام بن// این ایچ اے آئی کی ایک تعمیراتی کمپنی میں کام کرنے والا ایک مزدور منگل کو سری نگر جموں قومی شاہراہ پر چندر کوٹ کے ڈھلواس علاقے میں کرین کے نیچے کچل کر ہلاک ہو گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق این ایچ اے آئی کی ایک کنسٹرکشن کمپنی میں کام کرنے والا مزدور ہائی وے پر ڈھلواس علاقے میں لکی ڈھابہ کے قریب ہائیڈرا کرین کے نیچے آکر کچل کر ہلاک ہوگیا۔ان کا کہنا تھا کہ کرین کا آپریٹر کرین کو الٹ رہا تھا کہ مزدور اس کی زد میں آکر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔پولیس نے متوفی کی شناخت سلطان میاںولد موچلم حسین ساکنہ کوچی بہار کے طور پر کی ہے۔متوفی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سی ایچ سی بٹوت منتقل کر دیا گیا۔ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہیڈکوارٹر رام بن پردیپ سنگھ سین نے واقعے کی تصدیق کی اور کہا کہ مزید تحقیقات کیلئے پولیس سٹیشن چندر کوٹ میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
گاڑی گرتے پتھروں کی زد میںآنے سے کم سن لڑکی کی موت
ایم ایم پرویز
رام بن// سری نگر جموں قومی شاہراہ پر رام بن کے مہاڑکیفے ٹیریا سیکٹر پر چلتی کار پتھروں کی زد میں آنے کے بعد شدید زخمی ہونے والی ایک 12 سالہ لڑکی نے پیر کی شام گورنمنٹ میڈیکل کا لج ہسپتال جموں میں دم توڑ دیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ سری نگر جانے والی ایک کار جس کا رجسٹریشن نمبر PB99-9973 تھا سوموار کی شام کو مہاڑکیفے ٹیریا سیکٹر میںگرتے پتھروں کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں ایک نابالغ لڑکی زخمی ہوئی، اسے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال لے جایا گیا جہاں طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسے گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال جموں لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔پولیس نے متوفی کی 12سالہ شناخت عرشہ اروڑہ دخترشمشیر اروڑہ ساکن امرتسرپنجاب کے طور کی۔ایس ایچ او، پولیس اسٹیشن رام بن انسپکٹر انیل چودھری نے واقعے کی تصدیق کی اور کہا کہ مزید تحقیقات کے لیے پولیس سٹیشن رام بن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔