ڈوڈہ//ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈوڈہ میں بطور ایڈیشنل پبلک پراسیکیوٹر (APP) کی تعیناتی میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسیشن ڈوڈہ کو نظر انداز کرکے ایسے شخص کو بطور (APP)تعینات کرنا جو ایسوسی ایشن کا ممبر بھی نہ ہو پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ڈوڈہ نے آج ساتویں روز بھی ہڑتال جاری رکھتے ہوئے عدالتوں کے کام کاج کا بائیکاٹ کیا اسی دوران آج بار صدر ایڈوکیٹ غلام حسن پاٹیگڑو کی صدارت میں غیر معمولی اجلاس میں ڈوڈہ عدالتوں میں کام کرنے والے اشٹامپ فروش ، عرائض نویس دیگر غیر سرکاری عملے نے بھی اس احتجاج ہڑتال میں شرکت کرکے بار کے موقف کی حمایت کی ہے ۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ڈوڈہ نے حکومت و محکمہ انصاف اور انتظامیہ کی طرف سے ایسوسی ایشن کے مطالبہ کو نظر انداز کرنے پر سب کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے واضح اعلان کیا ہے کہ موجودہ غیر قانون (APP)کی تعیناتی کو کالعدم قرار دیتے تک اور ڈسٹرکٹ ایسوسی ایشن ڈوڈہ کے رجسٹرڈ ممبر کو بطور ایڈیشنل پبلک پراسیکیوٹر تعینات ہونے تک ہڑتال جاری رہے گی۔ اور واپسی کے تمام راستے بند ہیں جبکہ ڈوڈہ سیول سوسائٹی کے دیگر اداروں نے بھی بار کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت پڑی تو وہ بھی اس احتجاج میں شامل ہونگے ۔ دریں اثناء بار ایسوسی ایشن ڈوڈہ کی ہڑتال اور اُس میں شامل دیگر غیر سرکاری عدالتی عملے کی وجہ سے آج ڈوڈہ میں دور دراز علاقہ جات سے آئے ہوئے لوگوں اور مختلف مقدمات کی پیروی کررہے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ عوامی حلقوں نے حکومت پر اس حساس معاملے میں خاموشی کو مجرمانہ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ وہ معاملے کو طوالت دینے کے بجائے فوری طور ایسوسی ایشن کے جائز مطالبہ کو تسلیم کرے۔