ڈوڈہ//ضلع ڈوڈہ کے اپنے دورے کے دوران آئی جی پولیس جموں زون ایس ڈی سنگھ جموال نے ایس ایس پی ڈوڈہ کے دفتر کے احاطہ میں ایک پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد کیا جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنان،وارڈ ممبران،سابقہ سرپنچ اور پنچ حضرات،سماجی کارکنان اور دیگر معززین کے علاوہ درجنوں پولیس آفیسران نے شرکت کی۔افتتاحی کلمات میں ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر نے آئی جی پی کا خیر مقدم کیا ، اُنہیں خوش آمدید کہا اور ضلع پولیس کی سرگرمیوں اور حصولیابیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔اُنہوں نے حاضرین سے اپیل کی کہ وہ ضلع پولیس کے کام کاج سے متعلق اپنی شکایات اورتجاویز آئی جی پی کے سامنے رکھنے کے ساتھ ساتھ دیگر مسائل کو بھی اُجاگر کریں اور امن و قانون کی صورت حال کو بنائے رکھنے کے لئے اپنی قیمتی مشورے بھی دیں۔جس کے بعد حاضرین نے مختلف مسائل کی طرف آئی جی پی جموں کی توجہ مبذول کرائی اور اُن سے اپیل کی کہ ان مسائل کا فوری طورازالہ کیا جانا چاہیے۔ آئی جی پی نے لوگوں کی طرف سے اُبھارے گئے مسائل کو توجہ سے سُنااور یقین دلایا کہ ایسے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا جو پولیس سے متعلق ہیں اور جو اُن کے دائرۂ اختیار میں آتے ہیں اور جو اُن کے دائرۂ اختیار سے باہر ہیں اُن کو متعلقہ حکام کی نوٹس میں لا کر اُن کے ازالہ کی ضرورت پر زور دیا جائے گا۔اُنہوں نے شرکائے میٹنگ سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے علاقہ جات میں پولیس کے کام کاج اور کارکردگی سے متعلق اپنی اپنی تجاویز اور آراء پیش کرتے رہیں تاکہ پولیس کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔ اُنہوں نے کہا کہ ضلع ڈوڈہ میں عوام کو بہترین ، صاف ستھری اور شفاف انتظامیہ فراہم کرنے کے لئے کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گااور معاشرے کو جرائم سے پاک کرنے ،فرقہ وارنہ ہم آہنگی بنائے رکھنے اور آپسی بھائی چارہ کی مضبوطی کے لئے عوام کی مدد حاصل کی جائے گی۔اُنہوں نے کہا کہ عوام کو انصاف فراہم کرنا پولیس کا فرضِ اولین ہے،مگر یہ اُسی صورت میں ممکن ہے جب اُسے عوام کو بھر پورتعاون حاصل ہو۔اُنہوں نے عوام اور پولیس کے درمیان پائی جانے والی دوریوں کو ختم کرنے اور پولیس پبلک تعلقات کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اپنے ما تحت آفیسران کو ہدایت کی وہ عوام کے ساتھ نزدیکی رابطہ بنائے رکھیں اور عوامی مشکلات کا بروقت ازالہ کریں تاکہ اُنہیں عوامی اعتماد حاصل ہو سکے۔ قبل ازیں آئی جی پی جموں نے ڈسٹرکٹ پولیس لائن ڈوڈہ میں پولیس آفیسران اور اہلکاران کاایک دربار منعقد کر کے اُن کے مسائل اور مشکلات کو سُنااور اُنہیں یقین دلایاکہ اُن کی جائز شکایات اور مسائل کا ازالہ کیا جائے گا۔اس موقع پر ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر کھٹانہ،اے ایس پی ہیڈکوارٹرس ڈوڈہ ونے کمار،اے ایس پی بھدرواہ شہزاد احمد سلاریہ ،ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرس افتخار احمد،ڈی ایس پی ڈے اے آر نذیر احمد گنائی، ایس ڈی پی او بھدرواہ برجیش شرما اور این جی اوز کے نمائندوں بھی موجود تھے۔ایس ایس پی ڈوڈہ نے پولیس جوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے اُٹھائے گئے اقدامات سے آئی جی پی جموں کو آگاہ کیا۔اس موقع پر آئی جی پی نے موجود آفیسران اور اہلکاران پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض پیشہ وارانہ اور مخلصانہ طریقہ سے انجام دیں اور لوگوں کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں۔آئی جی پی نے ڈسٹرکٹ پولیس آفس میں جرائم جائزہ میٹنگ کا انعقاد بھی عمل میں لایا جس میں آفیسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ تمام معاملات کو میرٹ کی بنیاد پر حتمی شکل دیں اور ضلع کو منشیات سے پاک کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔