عظمیٰ نیوز سروس
ڈوڈہ//محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس زون ڈوڈہ نے اسپورٹس اسٹیڈیم میں انڈر 14 اور انڈر 17 لڑکوں اور لڑکیوں کے ٹورنامنٹس کا کامیابی کے ساتھ اختتام کیا۔یہ تقریب 2024-25 کے سالانہ سرگرمی کیلنڈر کے ایک حصے کے طور پر منعقد کی گئی تھی جس کی منظوری ڈائریکٹر یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس جے اینڈ کے، سباش چندر چبر نے دی تھی۔یہ تقریب ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ، ہرویندر سنگھ کے زیراہتمام جوائنٹ ڈائریکٹر یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس جموں وید پرکاش کی رہنمائی اور ڈی وائی ایس ایس او ڈوڈہ سنیل کمار کی ہدایت پر چلائی گئی۔اس ٹورنامنٹ میں مختلف قسم کے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جن میں کھو کھو، کبڈی، والی بال، بیڈمنٹن، کرکٹ، شطرنج، کیرم، ٹگ آف وار، فینسنگ، تائیکوانڈو، ووشو اور شوٹنگ شامل ہیں، جو طلباء کو اپنی صلاحیتوں، مہارت اور صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کررہی ہے ۔طلباء نے پورے ٹورنامنٹ میں اپنی صلاحیتوں اور مسابقتی جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوش و خروش سے حصہ لیا۔ ایونٹ نے نہ صرف نوجوان شرکاء کی ایتھلیٹک صلاحیتوں کو اجاگر کیا بلکہ ان کے درمیان دوستی اور ٹیم ورک کے جذبے کو بھی فروغ دیا۔زونل فزیکل ایجوکیشن آفیسر ڈوڈہ نے انٹر اسکول زونل سطح کے ٹورنامنٹ کے ہموار انعقاد کو یقینی بنانے میں تعاون اور کوششوں کے لئے فیلڈ اسٹاف کا شکریہ ادا کیا اور ان کی تعریف کی۔ تقریب کی کامیابی اس میں شامل ہر فرد کی محنت اور لگن کا منہ بولتا ثبوت تھی۔