اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ و بھدرواہ کے جنگلات میں آتشزدگی کی وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں بھاری پیمانے پر پیڑ پودوں، درختوں و دیگر جنگلی حیاتیات کو نقصان پہنچا ہے ۔گزشتہ روز رینج بھلیسہ کے کلہوتران ،ڈوڈواڑ ،چنمپل ،سنوارہ ،کھرنلی،چھاچھ ،کاہرہ ،چرالہ ،کونتواڑہ ،مرمت و دیگر مضافات میں آتشزدگی کی وارداتیں پیش آئیں اور متعدد مقامات پر آگ آبادی والے علاقوں کے قریب داخل ہوئی تاہم مقامی لوگوں کی کوشش سے اس پر قابو پایا گیا اور اسطرح سے کئی بستیاں بال بال بچ گئیں لیکن بھاری پیمانے پر جنگلات کو نقصان پہنچا. ڈی ایف او بھدرواہ چندر شیکھر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جنگلات میں آتشزدگی کی وارداتوں میں پچھلے کئی دنوں سے اضافہ ہوا ہے اور محکمہ و اس سے جڑے اہلکار آگ بجھانے میں کوئی کسر نہیں رکھتے. انہوں نے کہا کہ لوگ خوشکسالی میں جنگلات کو آگ لگاتے ہیں جو کہ نہ صرف پیڑ پودوں بلکہ پوری انسانیت کے لئے خطرہ ہے. انہوں نے کہا کہ ان وارداتوں میں کمی لانے و جنگلات کے بچاؤ کے لئے عوامی تعاون کی سخت ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا جنگلات کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور جو بھی اس میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی.۔