اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے بیشتر علاقوں میں جہاں ترقی یافتہ دور میں بھی لکڑی کے بوسیدہ کھمبوں کے ساتھ بجلی کا کی ترسیلی لائنیں لگی ہوئی ہیں وہیں متعدد مقامات پر سبزار درختوں و مکانات کی چھت کے ساتھ بھی باندھی گئیں ہیں جس سے ہر وقت کوئی بڑا حادثہ پیش آنے کا خطرہ رہتا ہے۔ ڈوڈہ ضلع کی تحصیل کاہرہ سے آئے ایک وفد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جہاں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی سے مقامی آبادی پریشان ہے وہیں بجلی کی جنرل لائن کے ساتھ لکڑی کے کھمبے بوسیدہ ہو چکے ہیں جو کسی بھی وقت گر کر کوئی بڑا نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ وفد میں شامل نائب سرپنچ ہلارن چوہدری محمد شریف نے کہا کہ آبادی کے نزدیک بجلی کی تاریں سبز درختوں و مکانات کی چھتوں کے ساتھ بھی باندھیں گئیں ہیں اور اس معاملہ کو متعدد بار متعلقہ حکام سے رجوع کیا گیا لیکن کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔انہوں نے ضلع و مقامی انتظامیہ سے متعلقہ محکمہ کو جوابدہ بنانے و بوسیدہ کھمبوں و سبز درختوں و مکانات کی چھتوں سے بجلی کی ترسیلی لائنیں ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر اس دوران کوئی حادثہ پیش آیا تو اس کے لئے متعلقہ محکمہ ذمہ دار ہو گا۔ادھر بھلیسہ کے سیاسی و سماجی کارکن شیخ نے بھی بجلی کے ناقص نظام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بہتر بجلی نظام بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔