اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں برفباری، موسلا دھار بارش، ژالہ باری کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا جس کے نتیجے میں عوامی زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے وہیں اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اس دوران دوسرے روز بھی ضلع میں تعلیمی ادارے بند رہے۔ وہیں ڈوڈہ بٹوت قومی شاہراہ سمیت ضلع کی مختلف رابطہ سڑکوں پربھاری پسیاں گر آئیں ہیں جس کے نتیجے میں گھنٹوں بھر ٹریفک نظام معطل ہوا ہے۔ اس دوران بجلی نظام کو پہنچے بھاری نقصان پر سب ڈویژن گندوہ بھلیسہ و ٹھاٹھری کے درجنوں دیہات میں گذشتہ روز سے ہی بجلی گل ہوئی ہے جس کی وجہ سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری ،گندوہ بھلیسہ کے بالائی علاقوں میں ہفتہ کے روز بھی برفباری،بارشوں و ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں ڈوڈہ بٹوت قومی شاہراہ پر رگی نالہ ،کھیلینی پکی ہٹی، ملکپورہ گندوہ، پریم نگر سمیت درجنوں مقامات پر بھاری پسیاں و پتھر گر آئے جس کے نتیجے میں گھنٹوں بھر ٹریفک نظام معطل رہا تاہم آخری اطلاع ملنے پر ٹریفک کو بحال کیا گیا ہے اور انتظامیہ نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے غیر ضروری سفر کرنے سے احتیاط کرنے کا مشورہ دیا ہے. ادھر شدید بارشوں کی وجہ سے ندی نالوں میں پانی کی سطح میں بھی اضافہ ہوا ہے اور ضلع بھر میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ وہیں بجلی کے 33 کے وی ترسیلی نظام و پانی کی کئی اسکیموں کو نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے درجنوں دیہات میں پانی و بجلی نظام متاثر ہوا ہے۔