اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں حالیہ طوفانی بارشوں سے جہاں سینکڑوں تعمیرات کو نقصان پہنچا ہے وہیں درجنوں رابطہ سڑکیں بند پڑی ہیں اس دوران فصلوں و زرعی شعبے کے ساتھ ساتھ پانی و بجلی نظام کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے۔اطلاعات کے مطابق پچھلے دو روز سے جاری شدید بارشوں سے ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری ،گندوہ و بھلیسہ میں بحرانی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔رابطہ سڑکوں پر جگہ جگہ بھاری پسیاں گر آئیں ہیں تاہم اہم شاہراہوں پر ٹریفک معمول کے مطابق بحال کیا گیا ہے لیکن اندرونی دیہات کی رابطہ سڑکوں کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کئی لوگوں نے بتایا کہ طوفانی بارشوں سے سینکڑوں تعمیرات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ ندی نالوں میں طغیانی آنے سے درجنوں مقامات پر عارضی پل سیلاب میں بہہ گئے ہیں اور پگڈنڈی راستے بھی تباہ ہوئے ہیں۔ادھر ملک پورہ منو سڑک تیسرے روز بھی مکمل طور پر بحال نہیں ہوئی۔سرپنچ پنچائت منو چوہدری کالیا چاڑ، بی ڈی سی چیئرپرسن مخو بیگم و سرپنچ شیر محمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ملک پورہ کے مقام پر سڑک کا ایک حصہ نیچے دھنس گیا ہے اور چلی، بھٹولی و گلی کے نزدیک بھاری پسیاں گر آئیں ہیں جس کے نتیجے میں عام راہگیروں و مسافر بردار گاڑیوں کو سفر کرنے میں کافی دقتوں کا سامنا رہتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ طوفانی بارشوں سے فصلوں کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے اور رہائشی علاقوں کے آس پاس زمینیں و پتھر گرنے کا سلسلہ شروع ہوا ہے جس کی وجہ سے کئی مکانات غیر محفوظ بن گئے ہیں۔ ادھر چلی پائیں کے کنڈیلی بستی میں بھاری پسی گرنے سے سات رہائشی مکانات کو غیر محفوظ قرار دے کر رہائش پذیر کنبوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔مقامی لوگوں و پنچائتی اراکین نے انتظامیہ سے متاثرہ کنبوں کی مالی امداد کرنے و ہنگامی بنیادوں پر پانی، بجلی و سڑک رابطوں کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔