بھدرواہ// گذشتہ تین دنوں کے بارشوں کی وجہ سے ناخوشگوارموسم اورسڑک روابط منقطع ہونے کے سبب ضلع ڈوڈہ میں تعلیمی ادارے دوسرے روزبھی بندرہے تاہم ڈوڈہ ۔کشتواڑ اضلاع کے مسافروں کو NH1A اوراNH1B شاہراہ پرپسیاں ہٹانے سے راحت ملی ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر بھوپندرکمارکے مطابق موسمی حالات سے متعلق ایڈوائزری جاری کی ہے اورناخوشگوارکی وجہ سے تعلیمی ادارے بندرکھنے کافیصلہ لیاگیاہے۔انہوں نے کہاکہ حالات بہترہونے پرہی تعلیمی اداروں کوکھولنے سے متعلق فیصلہ لیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ مسافروں کی پریشانیاں دورکرنے کیلئے بٹوت ۔کشتواڑ قومی شاہراہ کو آمدورفت کیلئے کھولاگیاہے ۔اس کے علاوہ لوگوں سے کہاگیاہے کہ وہ ندی نالوں کی طرف نہ جائیں۔انہوں نے کہاکہ حالات پر انتظامیہ کی گہری نگاہ ہے اورٹیمیں مختلف علاقوں میں روانہ کی گئی ہیں۔