اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ بٹوت قومی شاہراہ پر رگی نالہ کے نزدیک پیش آئے دلدوز سڑک حادثہ میں دو خواتین سمیت 4افراد لقمہ اجل اور ایک شخص زخمی ہوا ہے۔ بھالہ سے جموں جارہی ایک نجی سوئفٹ گاڑی ڈوڈہ سے 20 کلومیٹر کی دوری پر واقع رگی نالہ کے مقام پر پیر کو شام ساڑھے چ6 بجے کے قریب ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر200میٹرنیچے دریائے چناب میں جا گری جس کے نتیجے میں موقع پر ہی چار افرادلقمہ اجل ا ور ایک زخمی ہوا۔
حادثہ کے فوراً بعد الخیر فاؤنڈیشن عسر نامی مقامی رضا کار تنظیم کے کارکن، پولیس و سیکورٹی فورسز کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور بچاؤ کارروائی شروع کی۔ انہوں نے چار لاشوں و ایک زخمی شخص کو چناب سے نکالا۔زخمی شخص کو پرائمری ہیلتھ سینٹر عسر منتقل کیا گیا جہاں سے ابتدائی علاج معالجہ کے بعد اسے گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا گیا۔ حادثہ میں جاں بحق ہوئے افراد کی شناخت رادھا دیوی (56سال) زوجہ اوم پرشاد ساکن گاجوٹھ، وید پرکاش (65سال)ولد امرناتھ ساکن بھیتولی بھالہ،اوم پرشاد (60سال)ولد امرناتھ ساکن گاجوٹھ اورراج کماری (56سال)زوجہ رام رتن ساکن بداسو کے طور پر ہوئی ہے جبکہ محمد اسلم (25سال)ولد عبدالغنی ساکن ڈھنسال جموں زخمی ہوا ۔ایس ایس پی ڈوڈہ عبد القیوم نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ حادثہ شام ساڑھے چھ بجے کے قریب پیش آیا جس میں چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوئے اور ایک زخمی ہوا۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔