اشتیاق ملک+عاصف بٹ
ڈوڈہ+کشتواڑ //ڈوڈہ پولیس نے منشیات فروشی کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے بھاری مقدار میں شراب برآمد کی ہے۔اطلاعات کے مطابق ڈوڈہ پولیس تھانہ کی ٹیم نے ایس ایچ او پرویز کھانڈے کی قیادت میں معمول کی چیکنگ کے دوران سنجے رینا ولد شمشیر سنگھ ساکنہ درومڑی محالہ ک بیگ کی تلاشی لی جس دوران اس کے قبضے سے شراب(وہسکی) کی 80 بوتلیں برآمد کی گئی۔اس ضمن میں ڈوڈہ تھانہ میں ایف آئی آر زیر نمبری 07/2025 تحت دفعہ 48(اے) ایکسائز ایکٹ میں درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔ واضح رہے کہ ڈوڈہ پولیس نے ضلع میں منشیات و مویشی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے وسیع پیمانے پر مہم شروع کی ہے۔ادھرپولیس نے ضلع کشتواڑ میں ماڈل ناکہ درابشالہ میں ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے 5.71گرام ہیروئن نما مادہ (“چٹا”) برآمد کیا۔ ایس ایس پی کشتواڑ جاوید اقبال میر نے بتایا کہ ماڈل ناکہ درابشالہ میں معمول کے ناکہ چیکنگ کے دوران ٹھاٹھری سے درابشالہ کی طرف آنے والے ایک شخص کی مشکوک حرکت کو دیکھا۔پولیس پارٹی کو دیکھ کر ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم ٹیم نے فوری طور پر اسےگرفتار کر لیا۔ دوران تلاشی ناکا پارٹی نے اس کے قبضے سے 5.71گرام ہیروئن نما مادہ برآمد کر لیا۔ملزم نے اپنی شناخت سلیم جاوید ولد جاوید اقبال ساکن زیور کشتواڑ کے طور پرظاہر کی۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ ایف آئی آر زیر نمبر 11/2025 زیردفعہ این ڈی پی ایس ایکٹ 8/21/22پولیس سٹیشن کشتواڑ میں درج کی گئی۔