ڈوڈہ +کپوارہ+اوڑی//ڈوڈہ، ادہم پور اور اوڑی میں ٹریفک حادثات کے دوران 3افراد لقمہ اجل جبکہ پچاس کے قریب زخمی ہوئے۔ منگل کی صبح سرحدی ضلع ڈودہ میں بٹوٹ کشتواڑ شاہراہ پر ایک المناک سڑک حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار 2جواں سال طالب علم جاں بحق ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ 2طالب علم محمد احسان ولد عبدالطیف عمر 19سال اور محمد عرفان ولد مشتاق احمد عمر 18سال ساکنان بشرن گندوہ ڈوڈہ موٹرسائیکل پر سوار ہوکر ڈوڈہ سے گندوہ کی طرف جارہے تھے کہ اس دوران قریب 10بجکر15پر جونہی موٹرسائیکل قصبہ ڈوڈہ سے 20کلومیٹر بٹوٹ کشتواڑ شاہراہ پر پریم نگر کے قریب پہنچ گیا تو مخالف سمت سے آرہے ایک ٹیمپو نے اسے زور دار ٹکر ماردی۔ ٹکر اس قدر شدید تھی کہ موٹرسائیکل کئی پلٹیاں کھانے کے بعد دورجاگرا اور اس پر مذکورہ بالادونوں طالب علم شدید زخمی ہوگئے۔ تاہم دونوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھے۔ادھرکپوارہ کاشہری ٹکری ادھم پورہ میں سڑک حادثہ میں جا ں بحق ہوگیا جبکہ کئی افراد مضروب ہوئے ۔ ایک تویرا گا ڑی زیر نمبر JK01R/1123پیر کو دوران شب جمو ں سے کپوارہ کی طرف نکلی اور اس میں نصف درجن مسافر سوار تھے ۔ تویرا گاڑی جو ں ہی نگروٹہ سے کئی کلو میٹر آگے ٹکری کے نزدیک ایک ٹینکر سے ٹکرا گئی جس کے دوران گزریال کرالہ پورہ کا جواں سال شہری حبیب اللہ لون ولد عبد الخالق لون موقع پر ہی لقمہ اجل بن گیا ۔اس دوران اوڑی میں سڑک حادثہ کے دوران حادثہ 23 طلبہ اور 4 کم سن سمیت 40 مسافر زخمی ہوئے۔منگل کی صبح قریب9بجکر 15منٹ پر کنٹرول لائن کے نزدیک گوالتہ سے اوڑی جا رہی ایک ایس آر ٹی سی بس زیر نمبر JK01Y/0421 ٹوریسٹ رسپشن سنٹر سلام آباد کے نزدیک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر حادثہ کا شکار ہو ئی اور سڑک سے دور قریب 50 فٹ نیچے کھائی میں جا گری ۔حادثے کی خبر پھیلتے ہی بڑی تعداد میں لوگ اور پولیس کی ایک ٹیم بھی جائے موقعہ پر پہر پہنچی اور زخمی مسافروں کو ہسپتال منتقل کرنے کی کارروائی شروع کر دی ۔ اس حادثہ میں بس میں سوار 40 افراد زخمی ہوگئے جن میں 23 طلبہ شامل ہیں۔جوقصبہ اوڑی کے مختلف سکولوں میں زیر تعلیم ہیں ۔ زخمیوں میں 4 کم سنوں کی شناخت 10 سالہ شاہد احمد، 10 سالہ شرافت حسین،10 سالہ تابش حفیظ اور 7 سالہ عمر نصیر کے بطور ہوئی ہے، تمام زخمی مسافروں کو علاج معالجے کے لئے سب ضلع ہسپتال اوڑی منتقل کیا گیا ۔ زخمیوں میں 11 کی شناخت محمد خلیل،محمد یاسر،نعیب احمد،شیر زمان حجام،محمد حسین خان،عظمیٰ بانو،محمد عمران،عمران احمد،محمد یاسر،عبد القیوم اور سکندر مقبول کے بطور ہوئی ۔ادھر اوڑی میں ہی شاہداراجبڑا کمل کوٹ کے مقام پر ایک اور سڑک حادثے میں3افراد زخمی ہوگئے۔ شادرہ کملکوٹ میں ایک ٹاٹا سومو زیر نمبر JKO5D/1716 حادثے کا شکار ہوئی اور سڑک سے لڑگ گی اور سوار تین بھائی معمولی زخمی ہو گئے۔زخموں کی شناخت جہانگیر احمد،پرویز احمد اور زبیر احمد ولد محروم ن نعمت اللہ ساکن کنڈی برجالہ اوڑی کے بطور ہوئی ہے۔