ڈورو// ڈورو اور دیالگام میں شبانہ چھاپوں کے دوران دو بھائیوں سمیت 6نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ ان پر سنگباز ہونے کا الزام ہے۔میر میدان ڈورو میں دوران شب فوج و پولیس کے اسپیشل گروپ نے مدثر احمد صوفی نامی نوجوان کو گرفتار کیا ۔پیشہ سے ڈرائیور مدثر کے لواحقین نے اُن کی فوری رہائی کی مانگ کی ہے ۔ادھر6نوجوانوں کی گرفتاریوں کے خلاف دیالگام میں ہڑتال رہی جبکہ دکانداروں نے فورسز اہلکاروں پر توڑ پھوڑ کا الزام عائد کرتے ہوئے ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی مانگ کی ۔پولیس نے جمعہ و سنیچر کی درمیانی رات کئی رہائشی مکانوں پر چھاپہ ڈالکر مومن جاوید ،ثقلین گلزار، زاہد گلزار،جنید یوسف خان اور اعجاز احمد ریشی نامی نوجوانوں کو گرفتار کیا ۔اس موقعہ پر اگر چہ مقامی لوگوں نے مزاحمت کرتے ہوئے پولیس کو نوجوانوں کو گرفتار کر نے سے روکنے کی کوشش کی تاہم وہ کامیاب نہ ہوئے ۔اس بیچ گرفتاریوں کے خلاف ہفتہ کو علاقہ میں ہڑتال رہی جس دوران تمام دکانیں بند رہیں جبکہ گاڑیوں کی نقل و حرکت جزوی طور متاثر رہی ۔علاقہ کے دکانداروں نے ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ کے آفس کے سامنے واقع کے خلاف احتجاج کیا ۔احتجاجیوں نے فورسز اہلکاروں پر توڑ پھوڑ کا الزام عائد کرتے ہوئے ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کر نے کی بھی مانگ کی ۔