خالد جاوید+عارف بلوچ
کولگام +اننت ناگ// نور آباد دمحال ہانجی پورہ کولگام میںملی ٹینٹوں اور پولیس اور فوج کی مشترکہ ٹیم کے درمیان شبانہ گولی باری جیش محمد کے دو ملی ٹینٹوں کی ہلاکت کے ساتھ ختم ہوگئی، جن میں سے ایک 5 سال سے سرگرم تھا، جبکہ دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔پولیس نے بتایا کہ کوریل آسنور منزگام میںتقریباً پونے 6بجے تھری وہیلر گاڑی (ٹیمپو) کو مشکوک حالت میں جاتے ہوئے دیکھا گیا، جس میں ملی ٹینٹ سوار تھے۔انہوںنے چھلانگ لگا کر مشترکہ ٹیم کی طرف اندھا دھند فائرنگ کی اور فائرنگ کا مؤثر طریقے سے جواب دیا گیا۔ تاہم، ابتدائی فائرنگ کے تبادلے میں، پولیس کے دو اہلکار شدید طور پر زخمی ہوئے اور انہیں شدید فائرنگ کے دوران ہی اٹھا کر بادامی باغ فوجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اب انکی حالت مستحکم بتایا جاتی ہے۔پولیس نے کہا کہ انکاؤنٹرمیں 2ملی ٹینٹ پاکستان کے جمیل پاشا عرف عثمان چاچو اور سمیر صوفی ولد فاروق احمد صوفی، امشی پورہ، شوپیاں مارے گئے۔پولیس ریکارڈ کے مطابق، جمیل پاشا کولگام شوپیان بیلٹ میں پانچ سال سے سرگرم تھا اور اس کے پاس پولیس/ایس ایفز پر حملے، فورسز اہلکاروں کا اغوا، شہری مظالم، آئی ای ڈی حملے، ہتھیاروں کی لوٹ مار سمیت کیسز میں نام تھا۔اس کے علاوہ، اس نے نوجوانوں کو (عسکریت پسندی) میں بھرتی کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ مارے گئے جنگجو اس گروپ کا حصہ تھے ، جو 9 اپریل کو کولگام کے علاقے چک صمد میں ایک مختصر گولی باری کے بعد فرار ہو گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ ایک اے کے 47 رائفل، 3 اے کے 47 میگزین، 36 اے کے 47 راؤنڈ، ایک پستول، ایک پستول میگزین، پانچ پستول راؤنڈ، ایک دستی بم، ایک بی پی پاؤچ، اور ہتھیاروں کی تیل کی بوتل سمیت اسلحہ اور گولہ بارود کا ایک بڑا ذخیرہ برآمد کیا گیا۔ادھرپولیس کے مطابق اننت ناگ پولیس کی ایک ٹیم پیر اور منگل کی درمیانی رات محمود آباد ڈورو کے قریب ناکہ پر تھی،اس دوران مخالف سمت سے آنے والی ایک گاڑی پولیس پارٹی کو دیکھ کر رک گئی۔ اس سے شک پیدا ہوا اور پولیس ٹیم نے کچھ راؤنڈ ہوائی فائرکئے۔ گاڑی کا ڈرائیور اندھیرے کا فائدہ اٹھاکر موقع سے فرار ہو گیا اورگاڑی میں ایک لال رنگ کا بیگ چھوڑ گیا۔ترجمان نے کہا کہ بیگ سے ایک اے کے 56، شارٹ بیرل، دو اے کے میگزین، 2 پستول، 3 پستول میگزین، چھ ہینڈ گرینیڈ، اے کے 47 کے44 راؤنڈ، 9 ایم ایم کے 58راؤنڈز اور ایک گولی برآمد ہوئی ۔اس سلسلے میں پولیس تھانہ ڈورو میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔فرار ہونے والے شخص کی تلاش جاری ہے۔