اوڑی //اوڑی میں ڈنا سے موٹھل نامی گاﺅں تک رابطہ سڑک 4 روز سے بندہے جس کے نتیجے میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔اوڑی کنٹرول لائن پر واقعہ ان دو دیہات کو ملانے والی یہ 2 کلو میٹر رابطہ سڑک حالیہ بارشوں کے دوران پسیاں گر آنے کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدو رفت کیلئے بند ہوگئی ۔ محکمہ آر اینڈ بی نے ابھی تک اس سڑک کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بحال نہیں کیا جس کی وجہ سے کنٹرول لائن پر واقعہ قریب 3 دیہات (ڈنا،موٹھل اور ہتھلنگا )کے لوگوں کو طرح طرح کے مسائل کا سامنا ہے۔ ایک مقامی شہری فاروق احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ان کا گاﺅں بالکل کنٹرول لائن پر واقعہ ہے، گولہ باری کب شروع ہو جائے کسی کو پتہ نہیں ۔انہوں نے کہا کہ اب رابطہ سڑک بند ہوجانے کی وجہ سے وہ تحصیل ہیڈ کواٹر سے مکمل طور کٹ گئے ہیں ۔ اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئرآر اینڈ بی اوڑی امتیاز احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہیں اس سڑک کے بند ہونے کی کوئی خبر نہیں تاہم سڑک کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے جلد از جلد بحال کیا جائے گا۔