عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //ڈل جھیل میں آگ کی کسی بھی واردات پر ہنگامی طور قابو پانے کیلئے ڈل کے باسیوں کو آگ بجھانے والی کشتی مل گئی ہے۔نیوز ایجنسی ایس این این کے مطابق آگ لگنے کے کسی بھی واقعہ کو ہنگامی صورتحال میں بجھانے کیلئے مقامی سٹیک ہولڈرس نے ایک آگ بجھانے والی کشتی تیار کر لی ہے جس کی رسم رونمائی ڈل جھیل میں کی گئی ۔ یہ کشتی ہاؤس بوٹ ویلفیئر ٹرسٹ کے بینر تلے ہاؤس بوٹ مالکان، سماجی کارکنوں اور دیگر اسٹیک ہولڈروں کی کوششوں سے ایک حقیقت بن گئی۔ کشتی کو منظر عام پر لانے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے طارق احمد پتلو جس نے اس کشتی کو تیار کرنے میں کلیدی رول اد ا کیا ہے، نے بتایا ’’میں نے ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے ایسی ضرورت محسوس کی۔ مجھے ایسے حالات میں فون کالز موصول ہوتی تھیں کیونکہ ہم نے طبی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پہلے ہی ایک تیرتی ہوئی ایمبولینس بنائی ہے‘‘۔انہوں نے کہا ’’ اگرچہ کشتی مکمل طور پر چلتی نہیں ہے اور اسے اضافی سامان کی ضرورت ہے لیکن اس عمل میں شامل افراد کا خیال ہے کہ یہ ہنگامی حالات میں بہت مددگار ثابت ہوگی‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ ’اسے مکمل طور پر فعال بنانے میں مزید 20 دن درکار ہیں۔ ہم پونے سے سامان کا انتظار کر رہے ہیں۔ ایک بار جب ہمیں کشتی مل جائے گی تو اسے استعمال میں لایا جائے گا‘‘۔