عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//محکمہ زراعت کشمیر نے کل میربحری ڈل جھیل سری نگر میں ایک بیداری پروگرام کا انعقاد کیا۔ اس آگاہی پروگرام میں ڈائریکٹر زراعت کشمیر چوہدری محمد اقبال،متعلقہ افران اور کسانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ڈائریکٹر زراعت نے زیادہ منافع کمانے کے لیے اعلیٰ معیار کی سبزیاں اور دیگر تجارتی لحاظ سے اہم زرعی فصلوں کو متعارف کروا کر زرعی فصلوں کو تجارتی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈل جھیل کے علاقوں میں سبزیوں اور پھولوں کی کاشت نہ صرف زرعی اہمیت کی حامل ہے بلکہ سیاحت کے نقطہ نظر سے بھی اہم ہے۔انہوں نے کاشتکاروں سے مخصوص رقبہ کی فصلوں کی کاشت کے لیے کہا اور قیمت میں اضافے اور مصنوعات کی مارکیٹنگ بڑھانے پر زور دیا۔انہوںنے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ زمینی سطح پر کسانوں کے ساتھ قریبی تال میل کے ساتھ کام کریں تاکہ مختلف پروگراموں، فلیگ شپ سکیموں کے اغراض و مقاصد حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے کسانوں کو ان کی زرعی سرگرمیوں کے دوران محکمہ کی طرف سے ہر ممکن تکنیکی رہنمائی کا یقین دلایا۔