زاہد بشیر
گول// ڈرگ کنٹرول آفیسر رام بن نے سنگلدان علاقے میں ایک معائنہ مہم چلائی تاکہ میڈیکل دکانوں اور اداروں میں نافذ ضابطوں کو یقینی بنایا جا سکے۔معائنہ کے دوران سی سی ٹی وی کیمروں کی کارکردگی، کمپیوٹرائزڈ بلنگ سسٹم، کیمسٹ شاپس کی رجسٹریشن حیثیت کی جانچ کی گئی، اس کے علاوہ اس بات کو بھی پرکھا گیا کہ نفسیاتی ادویات (سائیکو ٹروپک ڈرگز) کا غلط استعمال نہ ہو اور وہ صرف درست میڈیکل نسخے پر فراہم کی جائیں۔اس دوران ادویات کی دستیابی اور فروخت کے ریکارڈ کی باریک بینی سے جانچ کی گئی۔ ڈرگ کنٹرول آفیسر نے کئی اداروں کے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی دیکھے تاکہ طے شدہ ضابطوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے اور نسخہ جاتی ادویات کی فروخت میں کسی بے ضابطگی کو روکا جا سکے۔میڈیکل شاپ مالکان کو ہدایت دی گئی کہ وہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں، کام میں شفافیت برقرار رکھیں اور ادویات کی خرید و فروخت کا ڈیجیٹل ریکارڈ رکھیں تاکہ دواؤں کی سپلائی چین پر مؤثر نگرانی کی جا سکے۔آفیسر نے مزید سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈرگز اینڈ کاسمیٹکس ایکٹ کی کسی بھی خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔