مینڈھر//کالابن اورپٹھانہ تیر کے لوگوں نے انتظامیہ کیساتھ ساتھ اے آر ٹی او پونچھ اور ٹریفک کے اعلیٰ آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ مینڈھر سے پٹھانہ تیر تک سومو ڈرائیور من مرضی سے کرایہ وصول کرکے لوگوں کو دو دو ہاتھ سے لوٹ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ مینڈھر سے پٹھانہ تیر تک بسوں کے مالکان 25روپے کرایہ لیتے ہیں جبکہ سوموڈرائیور 70روپے کرایہ وصول کرتے ہیں اور اس پر طرہ امتیاز یہ کہ ہرسومو ڈرائیور 15سے کم لوگوں کو گاڑی میں سوار بھی نہیں کرتا۔ سفیاز خان نے کہاکہ نہ ہی ٹریفک پولیس اور نہ ہی اے آر ٹی او پونچھ اس جانب کوئی توجہ دے رہے ہیں اوراسی سے فائدہ اٹھاکر ڈرائیور من مرضی کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ٹریفک پولیس کو اپنا ہفتہ چاہئے اور ڈرائیور سواریوں سے جتنا مرضی کرایہ لیں،اس سے اسے کوئی سروکار نہیں ہے ۔ان کاکہناہے کہ عجیب بات ہے کہ اے آر ٹی او پونچھ ناکے لگا کر گاڑیوں کے کاغذات اور لائسنس چیک کرتے ہیں جبکہ لائسنس وہ خود ہی ڈرائیوروں کو دیتے بھی ہیں۔انہوںنے کہاکہ یہ حقیقت ہے کہ مینڈھر میں پچاس فیصد گاڑیوں کے کاغذات پورے نہیں ہوتے اور نہ ہی ڈرائیوروں کے پاس لائسنس ہوتے ہیں۔