حسین محتشم
پونچھ//ضلع پونچھ کی تحصیل سرنکوٹ کے گائوں بفلیاز (مستاندرہ) سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر نجم بٹ کو اندراگاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی، نئی دہلی کی طرف سے گاندھی اینڈ پیس سٹڈیز میں ماسٹر ڈگری میں اول پوزیشن حاصل کرنے پر گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ 20 فروری 2024ء کو اِگنو یونیورسٹی کیمپس میدان گڑھی، نئی دہلی میں 37ویں کنووکیشن میں نائب صدر جمہوریہ ہند کی موجودگی میں اُنہیں یہ ایوارڈ دیا گیا۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر نجم بٹ نے اُردو، سماجیات اور گاندھی اینڈ پیس سٹڈیز میں چار ماسٹرز کی ڈگریاں کر رکھی ہیں۔ بی ایڈ، یوجی سی نیٹ اور گورونانک دیو یونیورسٹی، امرتسر سے اُردو میں پی ایچ ڈی کی ہے اور اُنہیں برٹش نیشنل یونیورسٹی آف کوین میری اور کیلیفورنیا پبلک یونیورسٹی امریکہ نے بالترتیب پی ایچ ڈی ایجوکیشن اور ڈی لِٹ کی اعزازی ڈگریوں سے بھی نوازا گیا ہے۔ڈاکٹر نجم بٹ تین کتابوں کے مصنف ہیں اور یوجی سی کیئر لسٹِڈ کے مختلف جرائد میں اُن کے چھ ریسرچ پیپر بھی شائع ہوچکے ہیں۔ علاوہ ازیں بیسٹ ٹیچر، بیسٹ لیکچرر کے اعزازات کے ساتھ ساتھ اِنڈیا پرائم کوالٹی ایجوکیشن ایوارڈ اور سال کا بہترین ماہرِ تعلیم کے ایوارڈ سے بھی اْنہیں نوازا جاچکا ہے۔ وہ طویل عرصے سے محکمہ اعلیٰ تعلیم میں لیکچرر کے طور پر کام کرہے ہیں اور اب تک جموں و کشمیر کے علاوہ لداخ کے زائد از 15 کالجوں میں درس و تدریس کی خدمات انجام دے چکے ہیں۔