عظمیٰ نیوز سروس
جموں// ممتاز ادیب ڈاکٹر مشتاق احمد وانی کو مغربی بنگال اردو اکادمی نے اُن کے چھٹے افسانوی مجموعے’’آج میں ،کل تُو‘‘ کوعلقمہ شبلی ایوارڈ سے نوازا۔عالمی شہرت یافتہ افسانہ نگار،محقق،نقاد،سوانح نگار،تانیثی ادب کے ماہر اور سابق صدر شعبہ اردو بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری( جموں وکشمیر)ڈاکٹر مشتاق احمدوانی کو مغربی بنگال اردو اکادمی نے ۲۰۲۱ء میں شائع ہوئے اُن کے چھٹے افسانوی مجموعے’’آج میں، کل تُو‘‘کو ۱۵۰۰۰ہزار روپے کے علقمہ شبلی ایوارڈ سے نوازا ہے۔ڈاکٹر مشتاق احمد وانی کی تاحال ۲۰ کتابیں شائع ہوچکی ہیں جن میں ۶، افسانوں کے مجموعے اور ۱۳، تحقیقی وتنقیدی کتابیں اور ایک خود نوشت سوانح حیات شامل ہے۔وہ جموں وکشمیر کے ایک سنجیدہ ،ذہین ،محنتی ،خوش اخلاق ،دیندار اور باغ وبہار شخصیت ہونے کے علاوہ اکیسویں صدی کے پہلے ڈی لٹ ہیں جن کی کتابیں نہ صرف جموں وکشمیر بلکہ بیرون ہند بھی خاصی شہرت ومقبولیت حاصل کرچکی ہیں ۔موصوف کا تحقیقی شعور ،تنقیدی بصیرت اور تخلیقی جہاں اردو ادب میں نئے موضوعات سے تعلق رکھتا ہے۔مغربی بنگال اردو اکادمی کی ایوارڈ کمیٹی نے ڈاکٹر مشتاق احمد وانی کے چھٹے افسانوی مجموعے’’آج میں،کل تُو‘‘کو ہر اعتبار سے جانچنے پرکھنے کے بعد ۱۵۰۰۰،ہزار روپے کے علقمہ شبلی ایوراڈ کا مستحق قرار دیا ہے ۔اس ایوارڈ سے قبل ڈاکٹر مشتاق احمد وانی کو یوپی اردو اکادمی لکھنو تین بار ایوارڈ دے چکی ہے ۔بہار اردو اکادمی نے بھی اُن کی کتاب ’’شعور بصیرت‘‘پر ایوارڈ دیا ہے۔یہ تمام سرکاری انعامات ڈاکٹر مشتاق احمد وانی کی مثبت سوچ، مسلسل محنت،زبان وادب سے اُن کا جنون کی حد تک لگاؤ کا نتیجہ ہے۔انعام یافتہ افسانوی مجموعہ’’آج میں ،کل تُو‘‘میں ڈاکٹر مشتاق احمد وانی کے ۱۸، افسانے شامل ہیں ۔جن کے عنوانات تجسس آمیز ہیں ۔’’نئی گاڑی‘‘آخری نیکی‘‘وہ قربتیں یہ دُوریاں‘‘اللہ!اللہ!اللہ‘‘کارِبے کاراں‘‘آنے دو جانے دو‘‘ سیکولرازم‘‘کمان‘‘خطاکار‘‘ترستے ہاتھ‘‘بے ادب‘‘پانچ سال کا بن باس‘‘پندرہ ،سولہ‘‘کورونا کلچر‘‘لاٹھی پہ ٹِکا وجود‘‘زندہ ماتم‘‘آج میں کل تُو‘‘۱۹۲،صفحات پہ مشتمل مذکورہ افسانوی مجموعہ صوری ومعنوی اعتبار سے قابل قدر اور ادبی رنگ کا حامل ہے ۔اس افسانوی مجموعے میں شامل افسانوں کو پڑھنے کے بعد جن اہل نقد ونظر نے مضامین کی صورت میں اپنے تاثرات لکھے ہیں اُن میں مرحوم شموئل احمد،عبدالصمّد،ڈاکٹر شریف احمد قریشی،مرحوم پروفیسر ابن کنول،حلیم صابر،ڈاکٹر شمع افروز زیدی،ڈاکٹر افضال عاقل،نثار انجم،تنویر اختر رومانی،ڈاکٹر ارشاد سیانوی،ڈاکٹر ابراہیم افسر اور ڈاکٹر ارشاد شفق شامل ہیں ۔