جموں//پرنسپل سیکرٹری پشو و بھیڑ پالن اور ماہی پروری و ٹرانسپورٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے افسروں کی ایک میٹنگ کے دوران فشریز محکمے کے کام کاج کا جائیزہ لیا۔ میٹنگ کے دوران انہوں نے جوائینٹ ڈائریکٹر فشریز کو ہدایات دیں کہ وہ فوری طور سے کاموں کی حصولیابیوں سے متعلق ایک رپورٹ تیار کریں ۔ انہوں نے کہا کہ تصرفی اسناد وقت پر پیش کی جانی چاہئیں تا کہ مزید رقومات واگذار کی جا سکیں ۔ اس موقعہ پر انہیں جانکاری دی گئی کہ پاندچھ ، ڈاچی گام ، کوکر ناگ ، کھاگ اور مامر میں 8 لاکھ انڈے تیار کئے جا رہے ہیں ۔ انہیں بتایا گیا کہ ڈومی فش فارم جموں میں مچھلیوں کے دو نئے اقسام متعارف کئے گئے ہیں ۔ انہیں بتایا گیا کہ راجوری ، پلوامہ اور کٹھوعہ میں رٹیل فش مارکیٹ قایم کئے گئے ہیں ۔ ڈاکٹر سامون نے نروال میں رٹیل فش مارکیٹ کی تعمیر میں تیزی لانے کی ہدایت دی ۔ پرنسپل سیکرٹری نے 15500 ماہی گیروں کو انشورنس کے دائرے میں لانے کے کام پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ انہوں نے فشریز ایکٹ قوانین مرتب کرنے کے کام کا بھی جائیزہ لیا اور کہا کہ یہ قوانین ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جانے چاہئیں ۔