عظمیٰ نیوزسروس
ادھم پور//جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر سید درخشاں اندرابی نے عید گاہ ادھم پور میں ایک عوامی دربار بلایا جس میں سرکردہ سماجی نمائندوں اور مقامی لوگوں نے اپنے مسائل اور خدشات کا اظہار کرنے کے علاوہ بورڈ کے کام کو مزید ہموار کرنے کے لیے اقدامات کی تجویز پیش کی۔وقف بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ظاہر کیفی اور ایڈمنسٹریٹر جموں عابد حسین چیئرپرسن کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر سول سوسائٹی کے نمائندوں بشمول شیخ تنویر احمد، سریندر سنگھ خالصہ، وسیم اکرم، انور حسین اور طارق شاہ نے بھی خطاب کیا۔اس کے علاوہ اودھم پور ضلع کے علمائے کرام اور ائمہ نے بھی اس پروگرام میں شرکت کی۔اپنے خطاب میں اندرابی نے کہا کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران وقف بورڈ انتظامیہ کے کام میں قابل ستائش بہتری آئی ہے۔ جموں و کشمیر میں بورڈ کی خدمات کی توسیع میں مکمل شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے پر توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے یوٹی میں ہمارے اثاثوں کو مضبوط کرنے اور اپ گریڈ کرنے کا کام اب لوگوں کے مکمل اطمینان کے لئے کیا جا رہا ہے۔انکاکہناتھا “جموں و کشمیر میں بورڈ کے اقدامات کی عوامی توثیق ہماری رہنما قوت ہے‘‘۔اندرابی نے کہا “ہم پورے جموں و کشمیر میں صوفی مراکز کو مضبوط کرنے کے لیے پرعزم ہیں‘‘۔انہوں نے اعلان کیا کہ بورڈ کی جانب سے ادھم پور میں وقف اراضی پر ایک شاپنگ کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا جو بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے فنڈز پیدا کرنے کے علاوہ مقامی نوجوانوں کو کام کے مواقع فراہم کرے گا۔ڈاکٹر درخشاں نے عید کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں مختلف سرکاری محکموں کے نمائندوں اور وقف بورڈ کے افسران نے شرکت کی۔ ڈاکٹر اندرابی نے رمضان کی خصوصی تقریبات اور عید کے تہوار کے دوران لوگوں کو مناسب سہولیات فراہم کرنے کے لیے مربوط انداز میں کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔