عظمیٰ نیوزسروس
پونچھ // جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر سید درخشاں اندرابی نےپونچھ کے ڈینگلہ جنیاڑ میں محبت رسولؐکانفرنس میں شرکت کی جس میں یوٹی کے تمام حصوں سے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جموں و کشمیر کے ممتاز مذہبی مبلغین نے پیغمبر اسلامؐ کے پیغام انسانیت، روحانی اور اخلاقی فضیلت پر غور کیا۔ اس کانفرنس کا اہتمام ادارہ جامعہ معین السنۃ پونچھ نے کیا تھا۔ چند گھنٹوں تک کانفرنس میں اپنی شرکت کے بعد ڈاکٹر اندرابی نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ پیغمبر اسلام ؐکے حقیقی پیغام کو عام کیا جائے تاکہ ایک پرامن جامع معاشرے کی سازگار اور مضبوط بنیاد اسلام کے حقیقی اصولوں پر رکھی جائے۔ ڈاکٹر اندرابی نے کہا “پیغمبراسلامؐ کے امن کے پیغام کو نوجوان نسل تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔ خالص روحانی پرامن مستقبل کے لیے ہمیں نبی محمد مصطفیٰ ؐکی آفاقی تعلیمات کو سمجھنے اور امن اور ہم آہنگی کے اس پیغام سے دنیا کو آگاہ کرنے کی ضرورت ہے‘‘۔