سرینگر //مرکزی حکومت کی جانب سے ڈاکٹروں کی سبکدوشی کی عمر میں اضافے کے بعد ڈاکٹرز ایسوسی ایشن آف کشمیر نے ریاست میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کی ریٹائر منٹ حد میں اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر نثارالحسن نے کہا کہ ڈاکٹروں کی سبکدوشی کی عمر 65سال تک بڑھانے سے ریاست میں طبی شعبہ مضبوط ہوگا۔ حالہ دنوں مرکزی سرکار نے مرکزی حکومت کے تحت کام کرنے والے ڈاکٹروں کی سبکدوشی کی عمر 65سال تک بڑھائی تھی۔مرکزی سرکار کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے ڈاکٹر ز ایسوسی ایشن کے صدر نثار الحسن کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر میں بھی ڈاکٹروں کی سبکدوشی کی عمر میں اضافہ ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عمر میں اضافے سے تجربہ کار ہاتھوں کو مزید کام کرنے کا موقعہ ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سبکدوشی کی عمر میں اضافے سے تدریسی اسپتالوں میں تعلیمی معیار میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی سبکدوشی کی عمر 60سال جبکہ تدریسی اسپتالوں میں سبکدوشی کی عمر 62سال مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی سرکار کو پڑھے لکھے ڈاکٹروں کی عمر میں اضافے کے علاوہ نوجوان ڈاکٹروں کیلئے روز گار کے مواقعے بھی بڑھانے چاہئیں تاکہ بے روزگاری کا خاتمہ ہوسکے۔