ترال// علاقہ ترال میں6 جاں بحق جنگجوئوں کی ہلاکت پرماتم جیسا سماں رہا جبکہ اور ملحقہ علاقوں میں ہلاکتوں کیخلاف دوسرے روز بھی مکمل ہڑتال کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر رہی ۔ علاقے میں ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب رہا جبکہ ہر طرح کی سرگرمیاں معطل رہیں۔ ہڑتال کے باوجود لوگوں کی ایک بڑی تعداد جاں بحق جنگجوئوں کے گھر تعزیت پرسی کرنے کے لئے دن بھر جا تے رہے ۔ 6جنگجوئوں کی ہلاکت کے خلاف قصبہ ترال ،ڈاڈسرہ ،میڈورہ، آری پل ،نور پورہ ، املر،کہلیل،لرگام،نو دل ، ستورہ اوراونتی پورہ کے علاوہ دیگر علاقوں میں مکمل ہڑتال کی گئی ۔ترال اور آری پل تحاصیل میں دوکانیں بند رہی جبکہ سڑکوں سے ٹرانسپورٹ غائب رہا ۔ تاہم اتوار کوسرکاری چھٹی کی وجہ سے تمام دفاتر اور بینک بھی بند تھے ۔جاں بحق جنگجوئوں کی تعزیت کیلئے پلوامہ ،شوپیان، کولگا م،اننت ناگ اور شمالی کشمیر کے کپوارہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے نجی گاڑیوںاور موٹر سائیکلوںپر آئے۔واضح رہے کہ ڈاڈسرہ میں ماتم جیسی صورتحال ہے کیونکہ یہاں کے چار جنگجو ایک ساتھ جاں بحق ہوئے۔