نیوز ڈیسک
سوپور// جمعرات کی صبح نہر پورہ علاقہ میں ایک 22سالہ نوجوان عرفان نذیر کی نعش ایک میوہ باغ سے پُراسرار حالت میں برآمد ہونے کے ایک روز بعدسوپور قصبہ کے مضافات ڈانگرپورہ میں رات دیر گئے ایک 40سالہ شخص کو اپنے ہی گھر میں پراسرار حالات میں مردہ پایا گیا۔جے کے این ایس کومعلوم ہواکہ ڈانگرپورہ سوپور میں جمعرات کورات دیر گئے ایک چالیس سالہ شخص کواپنے ہی گھرمیں مردہ پایاگیا۔معلو م ہواکہ منظور احمدڈار ولد غلام نبی ڈار ساکنہ ڈانگرپورہ سوپور کوگزشتہ آدھی رات کو اپنے گھر میں مردہ پایاگیا۔ اہل خانہ نے اُسے فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ اسپتال سوپور پہنچایا لیکن یہاں تعینات ڈاکٹر نے ابتدائی طبی جانچ کے بعد اُسے مردہ قراردے دیا۔سوپورپولیس نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں طبی وقانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔واضح رہے کہ سوپور قصبے کے نہر پورہ علاقہ میں جمعرات کی صبح ایک نوجوان کی لاش پراسرار حالت میں ایک میوہ باغ سے برآمد ہوئی۔