عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//ڈائریکٹر ایگریکلچر جموں، ایس اروندر سنگھ رین نے ضلع پونچھ کا تفصیلی دورہ کیا، جس کا مقصد زرعی اقدامات کا جائزہ لینا اور زرعی افسران، فیلڈ اسٹاف اور ترقی پسند کسانوں سے ملاقات کرنا تھا۔دورے کا آغاز چیف ایگریکلچر آفس کمپلیکس پونچھ سے ہوا، جہاں انہوں نے زرعی افسران اور فیلڈ اسٹاف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کسانوں کے لئے شروع کی گئی اسکیموں کو موثر طریقے سے نافذ کرنے اور ہولسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پروگرام (HADP) کے منصوبوں کو کامیابی سے مکمل کرنے کی ہدایات دیں۔ڈائریکٹر ایگریکلچر نے ترقی پسند کسان اشونی کمار کے ہائی ٹیک پالی ہاؤس کا بھی دورہ کیا، جو ہولسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت قائم کیا گیا ہے۔ اشونی کمار نے بغیر بیج کھیرا، چیری ٹماٹر، بروکلی، کیل، اور بیل پیپر جیسی نایاب سبزیوں کی کاشت کی ہے۔ ڈائریکٹر نے ان کی جدید زرعی کوششوں کی تعریف کی اور انہیں سال بھر ہائی ویلیو فصلیں اگانے کی ترغیب دی تاکہ پیداوار اور منافع میں اضافہ ہو۔دورے کے دوران ڈائریکٹر نے انٹیگریٹڈ فارمنگ سسٹم یونٹ کا بھی معائنہ کیا، جہاں انہوں نے مشروم کی پیداوار کے عمل کا جائزہ لیا اور اس شعبے کو منافع بخش بنانے کے لئے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے مشروم فارمنگ کو کسانوں کے لئے ایک اہم آمدنی کا ذریعہ بنانے کے لیے محکمہ کی حمایت کا اعادہ کیا۔ڈائریکٹر ایگریکلچر نے چیف ایگریکلچر آفس کمپلیکس پونچھ میں قائم نیچرل وینٹیلیٹڈ پالی گرین ہاؤس کا بھی معائنہ کیا، جہاں ایک لاکھ ہائبرڈ پودوں کی نرسری تیار کی گئی تھی۔ ان میں بروکلی، نوکول، گوبھی، بند گوبھی اور پیاز کے پودے شامل ہیں، جو کسانوں میں تقسیم کئے جائینگے تاکہ شہری علاقوں میں زرعی پیداوار کو فروغ دیا جا سکے۔انہوں نے اس جدید زرعی ڈھانچے کو ضلع پونچھ کے لئے خود کفیل بنانے اور اسے دیگر کسانوں کے لئے ایک مثالی منصوبہ قرار دیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر نے کسانوں میں زرعی مشینری جیسے چارہ کاٹنے والی مشین اور پاور ٹلر بھی تقسیم کئے۔