پلوامہ//چیوہ کلان پلوامہ میں فورسز کے ذریعے گائوں کا محاصرہ کرنے اور جنگجوئوں کی تلاش کرنے کے دوران تشدد بھڑک اٹھا ہے اور فورسز نے مزاحمت کرنے والے نوجوانوں کو منتشر کرنے کیلئے اندھا دھند پیلٹ کی بارش کی جس کی زد میں آکرایک نوجوان عامر شبیر بٹ کی آنکھیں زخمی ہوئیں ۔اسے نازک حالت میں سرینگرمنتقل کیا گیا ہے ۔شام دیر گئے تک علاقے میں محاصرہ اور گھر گھر تلاشی کے ساتھ ساتھ فورسز کے ساتھ مقامی نوجوانوں کی جھڑپیں جاری تھیں ،ادھرجنوبی کشمیرمیں جنگجو مخالف آپریشن جاری رکھتے ہوئے فوج،ایس او جی ا ورفورسز نے مشترکہ طور پر وٹناڈ گائوں کا محاصرہ کیا اور تلاشی کا رروائی عمل میں لائی ۔ فوج کی 19راشٹریہ رائفلز ،164بٹالین سی آر پی ایفو ایس او جی نے ایک اطلاع کی بنیاد پرسنیچر کو جنوبی ضلع اسلام آباد کے وتناڈگائوں کا محاصرہ کرکے جنگجو مخالف آپریشن عمل میں لایا ۔ذرائع نے بتایا کہ فوج ایس او جی اور فورسز کی ایک بھاری جمعیت نے سنیچرکو مذکورہ گائوں کے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کردیا ۔ذرائع کا کہناتھا کہ فورسز کو اطلاع ملی تھی کہ گائوں میں مسلح جنگجوئوں نے پناہ لی ہے ،جسکے بعد فوج وفورسز نے مذکورہ گائوں کا محاصرہ کرکے تلاشی کارروائی عمل میں لائی ۔ ۔معلوم ہوا کہ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی کارروائی کے دوران گھر گھر تلاشی کی گئی ،تاہم اس دوران جنگجوئوں اور فوج وفورسز کے درمیان آمنا سامنا ہونے کی کوئی اطلاع تادم دم تحریر نہیں تھی ۔