مشتاق الاسلام
پلوامہ // مورن پلوامہ سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ اویس یعقوب شیخ نے چین کے شہر ژنگ ژو میں ہونے والے ایک بین الاقوامی مکسڈ مارشل آرٹس (MMA) مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کھلاڑی ایان پول کو شکست دے کر ایک اور بڑی کامیابی اپنے نام کرلی۔ یہ تاریخی کامیابی نہ صرف اویس کے لیے بلکہ پورے کشمیر، خاص طور پر ضلع پلوامہ کے لیے باعثِ فخر لمحہ ہے۔ اویس کی جیت کے بعد علاقے بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، اور نوجوان طبقے میں مکسڈ مارشل آرٹس کے تئیں دلچسپی میں زبردست اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔اویس نے اپنی تعلیم کا آغاز پلوامہ کے ریڈنٹ سکول سے کیا اور آٹھویں جماعت میں ہی مکسڈ مارشل آرٹس میں دلچسپی لینا شروع کردی ۔ اپنے شوق کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے، انہوں نے یوٹی سطح کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھائی۔ بارہویں جماعت میں 74 فیصد نمبرات حاصل کرنے کے بعد اویس نے گورنمنٹ ڈگری کالج پلوامہ سے گریجویشن مکمل کی۔ اویس کے والد محمد یعقوب شیخ، جنہیں مورن علاقے میں ایک محنتی نانوا ئی کے طور پر جانا جاتا ہے، نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا، “ہم نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ہمارا بیٹا دنیا کے نقشے پر ہمارا اور اپنے وطن کا نام روشن کرے گا، ہم اس کے ہر فیصلے میں اس کے ساتھ تھے، چاہے وہ ڈاکٹر بنتا یا فائٹر۔”64 سالہ محمد یعقوب شیخ نے تین بچوں کی پرورش انتہائی محنت اور دیانتداری سے کی ہے۔ محدود وسائل کے باوجود انہوں نے اپنے بیٹے کے خوابوں کو پر دیئے۔ اویس کے چھوٹے بھائی، عادل یعقوب، کا کہنا ہے کہ اویس نے “لاینز ڈین اکیڈمی” کے نام سے پلوامہ میں ایک تربیتی مرکز قائم کیا ہے جہاں اس وقت تقریباً 60 نوجوانوں کو MMA کی تربیت دی جا رہی ہے۔ عادل کے مطابق “ہمارے بھائی کی کامیابی کا راز اس کی مسلسل محنت، جذبہ اور خوداعتمادی ہے، کچھ شخصیات سوشل میڈیا کے ذریعے ان کی مدد کر رہی ہیں، لیکن ہمیں امید ہے کہ حکومت اور کھیلوں کے ادارے بھی اب ان کی رہنمائی کے لیے آگے آئیں گے۔”اویس یعقوب نے بین الاقوامی سطح پر اپنی موجودگی کا پہلا ثبوت 8 ماہ قبل قازقستان میں دیا، جہاں انہوں نے اپنی پہلی انٹرنیشنل فائٹ میں کامیابی حاصل کی۔ اب ژنگ ژو میں دوسری کامیابی نے ان کے کیریئر کو ایک نئی سمت دی ہے۔