عظمیٰ نیوزسروس
جموں//چیف سیکرٹری اتل ڈلو نے ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں کشمیر ڈویژن میں خدمات انجام دینے والے پرائم منسٹر پیکج ملازمین سے متعلق مختلف مسائل کا جائیزہ لیا گیا اور ان کے حل کیلئے اقدامات کئے گئے ۔ اجلاس میں پرنسپل سیکرٹری ڈیزاسٹر منیجمنٹ ، ریلیف ، ری ہیبلی ٹیشن اینڈ ری کنسٹریکشن ( ڈی ایم آر آر آر ) ، کمشنر سیکرٹری فوڈ ، سول سپلائیز اینڈ کنزیومر افئیرز ، کمشنر سیکرٹری جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ ، سیکرٹری سکول ایجوکیشن ، ریلیف کمشنر ( مائیگرنٹس ) ، چیف انجینئرز آف آر اینڈ بی ، دیگر محکموں کے نمائندے اور ڈی ایم آر آر آر کے سینئر افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری نے کشمیر کے مختلف مقامات پر پی ایم پیکج ملازمین کو فراہم کئے گئے ٹرانزٹ رہائش گاہوں میں الاٹمنٹ کے معیار اور انفراسٹرکچر سہولیات سمیت کئی اہم امور کا جامع جائیزہ لیا ۔چیف سیکرٹری نے مختلف ٹرانزٹ رہائش گاہوں کی جگہوں پر لفٹوں اور سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس ( ایس ٹی پیز ) کی فراہمی کا جائیزہ لیا ، ساتھ ہی متعلقہ چیف انجینئرز کی جانب سے تجویز کردہ مرمت اور تزئین و آرائش کے کاموں کا بھی جائیزہ لیا ، یہ بتایا گیا کہ مطلوبہ کاموں کیلئے 6.80 کروڑ روپے کی تفصیلی پراجیکٹ رپورٹس ( ڈی پی آرز ) تیار کی گئی ہیں ۔ پی ایم پیکج ملازمین کے کیرئیر کی ترقی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے محکموں کو 2022 کے ایڈمنسٹریٹو کونسل کے فیصلے پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی ۔ چیف سیکرٹری نے پی ایم پیکج ملازمین کیلئے منعقدہ ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹیوں ( ڈی پی سیز ) کی حیثیت کا بھی جائیزہ لیا اور بروقت کارروائی اور موجودہ حکومتی احکامات پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا ۔ مزید براں اجلاس میں مرحوم ملازمین کے سلسلے میں ری ہیبلی ٹیشن اسسٹنس اسکیم ( آر اے ایس ) کے تحت کیسز کی حیثیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور تمام زیر التوا معاملات کے جلد تصفیہ کیلئے ہدایات جاری کی گئیں۔چیف سیکرٹری نے پی ایم پیکج ملازمین کی فلاح و بہبود اور خدمت سے متعلق حقوق کو یقینی بنانے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور اس پروگرام کے تحت ان کی بحالی اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کیلئے محکموں کے درمیان مربوط کوششوں پر زور دیا ۔