عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری قصبہ کے لوئر جواہر نگر میں چھپریاں کے مقام پر مین روڈ پر نکاسی کا ناقص نظام اور پانی جمع ہونے سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جنہوں نے اس جگہ پر نالوں کی بہتری کا مطالبہ کیا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ پنجہ چوک سے کھنڈلی روڈ پر چھپریاں کے مقام پر تقریباً ایک سو میٹر لمبی سڑک بارش کے دوران بری طرح متاثر ہو جاتی ہے۔محمد فہیم نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ ہلکی بارش ہونے پر بھی جگہ جگہ پانی کی بڑی مقدار جمع ہو جاتی ہے اور اس پانی کے جمع ہونے سے ہر شہری کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانی کے جمع ہونے کی وجہ سے اس سڑک پر دو پہیہ گاڑی چلانا بہت مشکل ہو جاتا ہے اور پھسلنے کی وجہ سے ان دو پہیہ گاڑیوں کے حادثات ایک معمول بن چکے ہیں۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ’’ہم نے بار بار محکموں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس جگہ پر ڈرین کی پوزیشن کو بہتر بنائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ بارش کے دوران پانی کا گزر ہموار رہے لیکن اس طرف کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ نکاسی نظام کوبہتر بنایا جائے تاکہ عام لوگوں کی پریشانی ختم ہو سکے ۔