جموں//رکن قانون سازکونسل اورصدرجے کے واٹرسپورٹس کیاکنگ ایسوسی ایشن فردوس ٹاک نے مدھیہ پردیش کے بھینڈمیں منعقدہونے والی چھٹی قومی ڈراگن بوٹ ریسنگ چیمپئن 2017 میں حصہ کیلئے ریاست کے44 کھلاڑیوں کوہری جھنڈی دکھاکرروانہ کیا۔اس ایونٹ جودومئی سے شروع ہورہاہے میں مردوں اورخواتین کے ساتھ ساتھ مکسڈ زمروں میں مقابلے ہوں گے۔چیمپئن شپ کاانعقاد انڈین کیاکنگ اورکونوینگ ایسوسی ایشن کی جانب سے کیاجارہاہے جس میں 25 ریاستوں کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ایم ایل سی فردوس ٹاک نے جموں ریلوے سٹیشن سے ایسوسی ایشن کے ممبران کی موجودگی میں مدھیہ پردیش کیلئے کھلاڑیوں کوہری جھنڈی دکھاکرروانہ کیا۔ ان کھلاڑیوں نے سپورٹس سنٹر سرینگرمیں بلقیس میرکی نگرانی میں ایک مہینے کی مشق کی ہے۔اس موقعہ پربولتے ہوئے فردوس ٹاک نے کہاکہ جموں وکشمیرمیں قدرتی وسائل کاذخیرہ ہے اورواٹرسپورٹس کے میدان میں ریاست کے کھلاڑی کافی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ چندسال پہلے ریاست کے کھلاڑیوں نے واٹرسپورٹس میں ملکی سطح کی چیمپئن شپ جیتی تھی جس سے ظاہرہوتاہے کہ یہاں کے کھلاڑی بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لینے کی بھی اہلیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کھیلوں کوفروغ دینے کیلئے سنجیدہ کوششیں کررہی ہیں۔