عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//ہائوسنگ اور شہری امور نیز پیٹرولیم اور قدرتی گیس کے مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے ریڑھی پٹری والوں سے متعلق ایکٹ کے تحت شکایات ازالہ کمیٹیوں کے قیام اور اسے برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ چھوٹے دکانداروں کی شکایات اور تنازعات کو حل کیا جاسکے۔ گزشتہ روز ریڑھی پٹری والوں کے لئے شکایات کے ازالے کی کمیٹی (جی آر سی) پر ایک سمینار کا افتتاح کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے ان ریاستوں کو مبارکباد دی جنہوں نے جی آر سی کی تشکیل کی ہے اور باقی ریاستوں پر زور دیا کہ وہ جلد از جلد کمیٹی کی تشکیل کے عمل کو تیز کریں۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے چھوٹے دکانداروں اور سڑک کنارے اپنے ٹھیلے لگانے والوں نے طویل عرصے سے شہری غیر رسمی معیشت میں اٹوٹ کردار ادا کیا ہے اور وزارت ملک بھر میں ریڑھی پٹری والوں کے لئے ایک معاون اور بااختیار ماحول پیدا کرنے کے لئے پرعزم ہے۔انڈیا ہیبی ٹیٹ سینٹر، نئی دہلی میں ہائوسنگ اور شہری امور کی وزارت (ایم او ایچ یو اے) کی طرف سے شکایات کے ازالے کی کمیٹی (جی آر سی) پر سمینار کا انعقاد کیا گیا تھا۔ سمینار کا مقصد مضبوط جی آر سیز کی اہمیت پر تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو حساس بنانا تھا۔ جی آر سی ممبران سمیت کلیدی اسٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کیا گیا تاکہ ریڑھی پٹری والوں سے متعلق ایکٹ کے اندر قانونی دفعات کے بارے میں ان کی سمجھ کو بہتر بنایا جاسکے۔سمینار میں مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور ریاستی حکومتوں کے عہدیداروں ، سول سوسائٹی کی تنظیموں کے پارٹنر، جی آر سی کے اراکین اور دیگر ماہرین نے شرکت کی۔ اس تقریب نے ریاستی عہدیداروں اور جی آر سی کے ممبران کے درمیان استعداد کار میں اضافے کیلئے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کیا تاکہ ریڑھی پٹری والوں کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ شرکاء کو اس سلسلے میں بہترین طریقوں پر گفتگو کا موقع بھی ملا۔