سرینگر// چھتہ بل میںدوران شب آگ کی ایک ہولناک واردات کے دوران12دکانوں پر مشتمل ایک عمارت راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی۔ منگل کی شب ساڑھے دس بجے کے قریب چھانہ محلہ چھتہ بل میں اُس وقت سنسنی پھیل گئی ایک تجارتی عمارت سے اچانک آگ کے شعلے بلند ہوئے ۔اس موقعے پر پورے علاقے میںاتھل پتھل مچ گئی اور لوگ گھروں سے باہرآکر آگ بجھانے کی کارروائی میں جٹ گئے ۔اس عمارت کی پہلی منزل میں 6 اور دوسری منزل میں اتنی ہی تعداد میں دکانیں ہیں۔مقامی لوگوں کو جب تک آگ ظاہر ہونے کاعلم ہوا ، تب تک اس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پرتباہی مچ چکی تھی اور پوری عمارت آگ کے بھیانک شعلوں میں لپٹی ہوئی تھی۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم اور فائر بریگیڈ کا عملہ جائے واردات پر پہنچ گیا اور بچائو کارروائی شروع کی۔تاہم اس سے قبل پوری عمارت مکمل طور آگ کی لپیٹ میں آکر خاکستر ہوچکی تھی اور دکانوں میں موجود سارا سامان بھی راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا تھا۔جو دکانیں جل کر خاکستر ہوئیں، ان میں چمڑے،ملبوسات، تانبے کے برتن ، نائی اور دیگر دکانیں شامل ہیں۔ اس جائیداد کا ایک حصہ مقامی مسجد کی ملکیت ہے۔آگ کی اس واردات میں مجموعی طور پر لاکھوں روپے کی املاک خاکستر ہوگئی اور نقصان کا تخمینہ لگایا جارہا ہے۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرلیا ہے۔ بدھ کی صبح علاقے میں ماتم کا ماحول تھا اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے متاثرہ دکاندار کے ساتھ یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کیا۔(کے ایم این)