سید اعجاز
ترال// جی آر بیگ میموریل ٹرسٹ صورہ سرینگر اور اردو روز نامہ سرینگر میل کے اشتراک سے جنوبی کشمیر کے چھتر گا م اور جواہر پورہ لام ترال میں دو الگ الگ مفت طبی کیمپوں کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس دوران ڈی ڈی سی ممبر ترال ڈاکٹر ہر بخش سنگھ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کر کے دونوں اداروں کو مبارکباد پیش کی ۔چھتر گام کے مقامی گردوارے میں ایک مفت طبی کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا گیاجس دوران یہاں لوگوں کوعلاج ومعالجے کے ساتھ ساتھ مفت اداویات تقسیم کی گئیں ۔یہاں ڈی ڈی سی ممبر ترال ڈاکٹر ہر بخش سنگھ نے افتاح کیا ۔انہوں نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ یک رضا کار ادارہ ضلع کے واحد سکھ فرقے والے گائوں میں ایک گردوارے میں مفت طبی کیمپ منعقد کر رہا ہے یہی کشمیراور کشمیریت ہے ۔انہوں نے دونوں اداروں کا شکریہ ادا کیا ۔دوسرا طبی کیمپ تحصیل آری پل کے جواہر پورہ لام میں منعقد کیا گیا جہاں ٹرسٹ کے چیئر مین اشتیاق بیگ نے افتتاح کیا ۔اس دوران مریضوںکی ایک بڑی تعداد کو علاج معالجہ کے علاوہ انہیں مفت ادویات تقسیم کی گئیں۔انہوں نے رضا کاروں کے علاوہ سکمز میڈیکل کالج پرنسپل ڈاکٹر عرفان ربانی اور ایڈیشنل ڈائریکٹر سکمز گلزار شبنم کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے ہر وقت ٹرسٹ کو اپنا دست تعاون پیش کیا ۔