چھترال۔ پٹھانہ تیر واٹر سپلائی سکیم کافی عرصہ سے بند

 مینڈھر //مینڈھر کے چھترال علاقہ سے پٹھانہ تیر جارہی لفٹ واٹر سپلائی سکیم گزشتہ کئی عرصہ سے بند پڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ واٹر سپلائی سکیم کو مکمل کرنے کے کچھ ہی عرصہ بعد بغیر کسی وجہ سے بند کر دیا گیا جبکہ متعلقہ محکمہ کے ملازمین ڈیوٹی پر حاضر ہونے اور سپلائی بحال کرنے کے بجائے بہانے بازیاں کررہے ہیں ۔غور طلب ہے کہ لفٹ واٹر سپلائی سکیم کی تعمیر کا عمل 2009میں شروع کیا گیا تھا جبکہ محکمہ کی جانب سے کچھ ہی عرصہ قبل اس کو کچھ حد تک مکمل کر کے پانی کی سپلائی کا عمل بھی شروع کیا گیا تھا لیکن اس کے بعد سکیم کو بند کر دیا گیا ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سکیم کی تعمیر کے دوران انہوں نے کئی برسوں تک متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ آفیسران اور ضلع انتظامیہ سے رجوع کر کے سکیم کو مکمل کروایا تھا لیکن کچھ دن پانی سپلائی کرنے کے بعد سکیم کو بند کر دیا گیا جس کی وجہ سے ملحقہ دیہات کی 4پنچایتوں کی پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ واٹر سپلائی سکیم کی تعمیر میں کروڑوں روپے کے فنڈز کی مبینہ طورپر ہیرا پھیری کی گئی ہے جبکہ اب مکینوں کو پینے کا صا ف پانی بھی فراہم نہیں کیا جارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ محکمہ کے تعینات ملازمین اور متعلقہ آفیسران ڈیوٹی پر حاضر ہی نہیں ہورہے ہیں جس کی وجہ سے صورتحال مزید خراب ہونا شروع ہو گئی ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ واٹر سپلائی سکیم کی بحالی کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں ۔