سرینگر//چھانہ پورہ پولیس پوسٹ پر2روز قبل حملہ کرنے میں ملوث تین نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ تینوں جیش محمد سے وابستہ ہیں اور محض 30گھنٹوں میں پولیس نے پلوامہ میں منصوبہ تیار کرنے والوں کو واتھورہ چاڑورہ سے گرفتارکر کے انکے قبضے سے ایک موٹر سائیکل اور پستول بھی برآمد کیا ہے۔ان میں سے 2کشمیر یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہیں ۔ ایک نے ارتھ سائنس میں اور ایک نے ایجوکیشن مضمون میں پوست گریجویشن کی ہے۔یاد رہے اس حملے میں فیروز احمد نامی ایک پولیس کانسٹیبل زخمی ہوا تھا۔ایس ایس پی سرینگر ڈاکٹر حسیب مغل نے تھانہ صدر سرینگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پولیس چوکی پر حملے کے بعد ہی سراغ رساں ایجنسیوںکو متحرک کر کے ڈیجٹل سہولیات کو بروئے کار لا کر کئی مشکوک افراد جنید،اشفاق اور لطیف کو گرفتار کر کے ان سے پوچھ تاچھ کی جس دوران تینوں نے حملے کا اعتراٖف کر کے انہیں تمام جانکاری فراہم کی ۔ڈاکٹر مغل نے بتایا کہ جمعہ کی شام جنید احمد نامی ایک نوجوان 3 بار پولیس چوکی کے اندپاسپورٹ کی ’’ویری فکیشن‘‘ کے بہانے داخل ہوا اور تینوں بار واپس گیا۔ آخری بار پولیس پوسٹ سے تھوڑی سی دوری پر اس نے اپنے ساتھی مشتاق احمد کو تھانے کے اندر کی جانکاری فراہم کی جس کے بعدمشتاق تھانے کے گیٹ کے قریب پہنچا ۔ ایس ایس پی سرینگر نے بتایا کہ جب چوکی کی نگرانی پر تعینات اہلکار نے انہیں اپنا’’فرن‘‘ اوپر کرنے کے لئے کہا تومشتاق نے‘‘ فرن‘‘ اوپرکر نے کے دوران ہی اہلکار پر کئی گولیاں چلائیں جن میں3گولیاں انکے جسم میں پیوست ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ حملہ آورمشتاق نے زخمی پولیس اہلکارکی سروس رائفل چھیننے کی کوشش کی تاہم سروس رائفل بیلٹ کے ساتھ مکمل طور باندھی ہوئی تھی جس کی وجہ سے وہ اسلحہ چھینے میں ناکام ہوا۔ایس ایس پی نے بتایا کہ فائرنگ سنتے ہی دیگراہلکاروںنے جوابی فائرنگ شروع کی جس دوران تینوں حملہ آور جائے واردات سے فرار ہوئے ۔ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ اس طرح واقعے میں مشتاق کا کلیدی رول رہا جس نے گولی ماری جبکہ جنید نے حملے کی ریکنگ کی اورلطیف احمد نے حملہ آوروں کو یہاں تک پہنچانے کے لئے موٹر سائیکل فراہم کی ۔انہوں نے بتایااصل میںیہ اسلحہ چھینے کی کوشش تھی ۔ انہوں نے کہا کہ حملے کا منصوبہ ضلع پلوامہ میں سرگرم سمیر نامی ایک جیش جنگجو نے بنایا تھا۔ ڈاکٹر حسیب مغل نے بتایا کہ حملہ آور اور سمیر کشمیر یونیورسٹی میں ایک ساتھ پڑھتے تھے۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے گرفتار شدگان سے ایک پستول اور6گولیا ںبھی برآمد کر لی ہیں ۔ ڈاکٹر مغل نے بتایا کہ واقعے کی تہہ تک پہنچنے کے لئے پولیس نے مزید کارروائی تیز کر دی ہے ۔