چھاتروکشتواڑ میں گھات لگاکر حملہ|| جے سی او سمیت 2فوجی ہلاک ۔ 2فوجی زخمی،پونچھ میں فائرنگ کا مختصر تبادلہ،ملی ٹینٹ ساتھی دھماکہ خیز مواد کیساتھ گرفتار

 عاصف بٹ+عشرت حسین

کشتواڑ// ملی ٹینٹوں نے چھاترو کشتواڑ ضلع میں فوج کی ایک گشتی پارٹی پر گھات لگاکر حملہ کیا جس کے دوران ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر اور ایک سپاہی ہلاک جبکہ 2اہلکار زخمی ہوئے۔علاقے میں تلاشی کارروائی جاری ہے۔ادھر پونچھ میں ملی ٹینٹوں اور فوج کے درمیان فائرنگ کا مختصر تبادلہ ہوا اور پونچھ میں ہی ایک ملی ٹینٹ ساتھی کو گرفتار کیا گیا۔
تصادم
پولیس حکام نے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے، سیکورٹی فورسز نے چھاترو بیلٹ کے نائدگام ائریامیں پنگناڑ شیفوڈ جنگلی علاقہ میں ملی ٹینٹوں کے ایک گروپ کی موجودگی پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی۔انہوں نے بتایا کہ پولیس سٹیشن چھترو کے دائرہ اختیار میں نائدگام گائوں کے بالائی علاقے پنگناڑ میں 11آر آر اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ کی تلاشی ٹیموں اور چھپے ملی ٹینٹوںکے درمیان اس وقت فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جب ملی ٹینٹوں نے جنگل میں ان پر گھات لگا کر حملہ کیا۔گھات لگاکر کئے گئے حملے میںابتدائی طور پر ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا جس کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر سمیت دو اہلکار ہلاک جبکہ 2اہلکار شدید زخمی ہوئے ، جنہیں نازک حالت میں فوجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے جموں میڈیکل کالج منتقل کردیا گیا۔پولیس نے کہا کہ دن کے ساڑھے تین بجے مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا۔حملے کے بعد سیکورٹی فورسز کی مزید کمک طلب کی گئی اور ڈرون کے ذریعے ملی ٹینٹوں کی موجودگھی کا پتہ لگانے کی کوشش کی گئی۔شام تک طرفین کے درمیان گولیوں کا تبادلہ نہیں ہوا ، جس کے بعد وسیع جنگلاتی علاقے کی ناکہ بندی کا دائرہ بڑھایا گیا اور شام کے بعد آپریشن کو سنیچر کی صبح تک ملتوی کردیا گیا۔ہلاک ہونے والوں میں جے سی اووپن کمار ساکن راجوری او رسپاہی اروندسنگھ جبکہ زخمیوں میں سپاہی مصدق اورساحل ٹھاکر شامل ہیں۔پولیس نے کہا کہ جس علاقے میں مسلح جھڑپ ہوئی یہ ڈوڈہ سے 90کلو میٹر جبکہ کشتواڑ ضلع ہیڈکوارٹر سے18کلو میٹر دور ہے۔ چھاترو سے 13کلو میٹر کی مسافت طے کرنے کے بعد جنگلاتی علاقے میں 5کلو میٹر کا راستہ طے کرنے کے بعد پنگناڑ جنگلی علاقہ آتا ہے۔یہ علاقہ کشمیر کی جانب وائلو کوکر ناگ سے ملتا ہے۔
پونچھ
حکام نے جمعہ کو بتایا کہ پونچھ سرحدی ضلع میں ایک مختصر تصادم کے بعد تلاشی مہم شروع کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے، سیکورٹی فورسز نے ایک آپریشن کیا جس میں جمعرات کی رات ڈوڈی جنگلاتی علاقے میںملی ٹینٹوں کے ساتھ انکائونٹر ہوا۔حکام نے بتایا کہ مختصر مقابلے کے بعد، ایک عارضی ٹھکانے کا پردہ فاش کیا گیا اور اے کے رائفل سمیت کچھ بازیابیاں کی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ علاقے میں ملی ٹینٹوں کا سراغ لگانے کے لیے ایک بڑا تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے۔
گرفتاریاں
جموں و کشمیر غزنوی فورس (جے کے جی ایف)سے تعلق رکھنے والے ایک ملی ٹینٹ ساتھی کو سیکورٹی فورسز نے پونچھ ضلع کے پوتھا بائی پاس علاقے میں دھماکہ خیز مواد سمیت گرفتار کیا ہے۔پولیس ترجمان نے ایک بیان میں کہا، پولیس، فوج اور سی آر پی ایف نے کل شام پوٹھا بائی پاس پر ایک مشترکہ چوکی(ناکہ) قائم کیا تھا۔ تلاشی کے دوران سیکورٹی اہلکاروں نے ایک شخص کو سرنکوٹ سے پوٹھہ کی طرف آتے ہوئے مشکوک انداز میں دیکھا۔ اس شخص نے بھاگنے کی کوشش کی لیکن چوکس اہلکاروں نے اسے پکڑ لیا۔پولیس نے بتایا کہ مشتبہ شخص کے نیلے بیگ کی تلاشی سے تین دستی بم، دھماکہ خیز مواد اور دیگر مجرمانہ اشیا برآمد ہوئیں۔”ابتدائی تحقیقات میں ملزم کی شناخت محمد شبیر ولد محمد فاروق کے نام سے ہوئی ہے، جو دریالہ نوشہرہ کا رہائشی ہے۔ مبینہ طور پر وہ پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر (پی او کے)سے تعلق رکھنے والے عظیم خان نامی ایک ہینڈلر کے ساتھ رابطے میں ہے، جسے مدیر بھی کہا جاتا ہے، جس نے اسے سرنکوٹ قصبے سے کھیپ جمع کرنے کی ہدایت کی تھی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔