ایجنسیوں کی کارستانی:زمردہ حبیب
سرینگر//کشمیر تحریک خواتین اور کاروان اسلامی نے چوٹیاں کاٹنے کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔کشمیر تحریک خواتین نے چوٹیاں کاٹنے کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’ یہ ہم سب خواتین کشمیرکے لئے باعث تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک خاتون ہونے کی حیثیت سے وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کے لئے یہ ایک چلنج ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ کوئی کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں بلکہ حقیقت ہے کہ اس کے پیچھے کوئی نہ کوئی ایجنسی کار فر ما ہے جو اس قسم کے کار ناموں میں ملوث ہیں اور جن کو برا بر تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے ۔زمردہ حبیب نے تمام سماجی و مذہبی لیڈران سے متحد ہونے کی اپیل کرتے کہا کہ یہ سلسلہ آگے جا کر ایک بدصورت رخ اختیار کر سکتا ہے جہاں ہماری بہنوں اور بیٹیوں کی عفت و عصمت خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
حکام کی غیر سنجیدگی افسوسناک:کاروان اسلامی
سرینگر//کاروان اسلامی نے کہا ہے کہ قانون نا فذ کرنے والے ادارے اس سلسلے کو لیکر سنجیدہ نہیں ہیں۔پارٹی ترجمان نے کہا کہ آئے روز بڑھتے ہوئے ان شرمناک اور دلخراش واردات نے ریاست کے چپے چپے میں ایک خوف کا بحران پیدا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی حلقوں میں اس قدر ڈربڑ ھ چکا ہے کہ شہروں اور دیہات میں عورتوں نے سفر کرنا ہی ترک کر دیا ہے جبکہ سکولوں اور کالجوں میں زیر تعلیم طالبات بھی گھر بیٹھنے میں ہی عافیت محسوس کر رہی ہیں۔ترجمان نے حکومتی اداروں کے مشوروںکو غیر سنجیدہ اور شرمناک قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے حربوں اور چالوں کو ناکام کرنے کے لئے چوکنا رہیں۔
منصوبہ بند سازش:این سی پلوامہ
سرینگر//نیشنل کانفرنس ضلع پلوامہ کے ایک اجلاس میں گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ۔اجلاس سے ضلع صدرپلوامہ اور سابق ایم ایل اے راجپورہ غلام محی الدین میر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سلسلہ ایک منصوبہ بند سازش ہے اور اس کو بے نقاب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی غفلت شعاری سے یہ معاملہ سنگین سے سنگین تر ہوتا جارہا ہے۔ اجلاس میں امرتسر پنجاب میں دو کشمیری شہریوں حاجی بشیر احمد گنائی اور محمد اشرف گنائی ساکنان مرن کی سڑک حادثے میں موت پر گہرے صدمے کا اظہار کیا گیا۔