عظمیٰ سپورٹس ڈیسک
راجکوٹ//ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا چوتھا ٹیسٹ میچ کل رانچی میں شروع ہو گیا۔ پہلے دن انگلینڈ نے کئی اتار اور چڑھاو سے گزر کر 302 رن بنا لیے ہیں اور ابھی اس کے 3 وکٹ باقی ہیں۔ اس اسکور میں جو روٹ کا تعاون بہت اہم رہا جنھوں نے نہ صرف سنچری بنائی بلکہ ایک خاص ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔ دراصل وہ ہندوستان کے خلاف کھیلتے ہوئے ٹیسٹ میچ میں 10 سنچری بنانے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انھوں نے اسٹیو اسمتھ کا ریکارڈ توڑا جنھوں نے ہندوستان کے خلاف 9 سنچری بنائی ہے۔ مجموعی طور پر دیکھا جائے تو یہ جو روٹ کی اکتیسویں ٹیسٹ سنچری ہے۔ٹاس انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے جیتا تھا اور امید کے مطابق پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ جیک کرولی اور بین ڈکٹ کی اوپننگ جوڑی نے سست آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 47 رنز جوڑے ۔ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے ہندوستانی تیز گیند باز آکاش دیپ نے 10ویں اوور میں بین ڈکٹ کو جورل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر انگلینڈ کو پہلا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد انہوں نے اولی پوپ کو صفر پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ آکاش نے 12ویں اوور میں جیک کرولی کو 42 رنز پر آؤٹ کر کے ہندوستان کو تیسری کامیابی دلائی۔ آر اشون نے جونی بیرسٹو کو ایل بی ڈبلیو کیا۔وہیں جڈیجا نے کپتان بین اسٹوکس کو تین رنز پر آؤٹ کرکے پویلین بھیج دیا۔ ہندوستان کی جانب سے پہلے سیشن میں آکاش دیپ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ آر اشون اور رویندر جڈیجہ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔