چوتھے ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست ہندستان کو سیریز میں ناقابل تسخیر برتری حاصل

 یو این آئی

رانچی//کپتان روہت شرما کی 55 رن اور شوبھمن گل کی ناٹ آوٹ 52 رن کی نصف سنچریوں کی مدد سے ہندوستان نے چوتھے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن پیر کو انگلینڈ کو پانچ وکٹو ںسے شکست دے کر سیریز میں 3-1 کی ناقابل تسخیر سبقت حاصل کر لی۔ اس سے قبل ہندوستان نے کل 40 رن کے اسکور سے آگے کھیلتے ہوئے پہلے سیشن میں 118 رن پر تین وکٹ گنوا دیے ۔ صبح یشسوی جیسوال 37 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے ۔

 

روٹ نے انہیں اینڈرسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ اس کے بعد ہارٹلے نے کپتان روہت شرما کو فاکس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر ہندوستان کو دوسرا جھٹکا دیا۔ روہت نے 81 گیندوں میں 55 رن کی نصف سنچری اسکور کی جبکہ رجت پاٹیدار کی خراب فارم جاری رہی اور وہ صفر پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے ۔ لنچ کے وقت ہندوستان کو جیت کے لیے 74 رن درکار تھے ۔ شوبھمن گل 18 اور رویندرا جصیجہ تین رنز بنانے کے بعد کریز پر موجود تھے ۔ دوسرے سیشن کے آغاز میں ہی ہندوستانی اننگز ایک بار ڈگمگا گئی جب بشیر نے رویندرا جڈیجہ کو چار پر اپنا شکار بنانے کے بعد سرفراز خان کو صفر پر آؤٹ کرکے پویلین بھیج دیا۔ ہندوستان نے 120 کے اسکور پر اپنے دو بلے بازوں کی وکٹیں گنوا دی تھیں۔ ایسا لگ رہا تھا کہ ہندوستان مشکل میں ہے ، ایسے وقت میں دھرو جریل نے شبھمن گل کے ساتھ مل کر فائٹنگ اننگز کھیل کر ہندوستان کو مشکل سے بچایا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان 72 رن کی شراکت ہوئی۔ شبھمن گل نے 124 گیندوں پر ناٹ آوٹ 52 اور جوریل نے 77 گیندوں پر ناٹ آوٹ 39 رنز بنائے ۔ انگلینڈ کی جانب سے شعیب بشیر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ جو روٹ اور ٹام ہارٹلے نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔