چندن واڑی میں پولیس چوکی کا افتتاح ڈی جی پی کا پودا لگاکر شہداء کو خراج عقیدت پیش

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// ڈائریکٹر جنرل پولیس آر آر سوین نے منگل کوضلع اننت ناگ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چندن واڑی پہلگام میں ایک نئی تعمیر شدہ پولیس چوکی کی عمارت کا افتتاح کیا۔ تقریب کے ایک حصے کے طور پر ڈی جی پی اور دیگر اعلیٰ افسران نے ڈیوٹی کے دوران قربانیاں دینے والے شہداء کی یاد میں پودا بھی لگایا۔ پولیس چوکی کا افتتاح کرنے کے فوراً بعد ڈی جی پی نے پولیس چوکی کی نئی عمارت میں افسران اور اہلکاروں کیلئے دستیاب سہولیات کا معائنہ کیا۔ نئی پولیس چوکی عمارت کا افتتاح جموں و کشمیر پولیس کی بنیادی ڈھانچے کو بڑھانے اور اپنے اہلکاروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے، جس سے وہ لوگوں کی زیادہ مؤثر طریقے سے خدمت کر سکیں۔ نئی پولیس پوسٹ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مضبوط کرے گی اور علاقے میں کمیونٹی کی حفاظت کو بہتر بنائے گی۔جموں و کشمیر پولیس کے شہید ہونے والے ہیروز کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ڈی جی پی اور دیگر افسران نے ‘ایک پیڈ شہیدوں کے نام’ مہم کے تحت پودا لگایا۔