نوازرونیال
رام بن//پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے چندر کوٹ میں پولی تکنیک کالج کی نئی تعمیر شدہ عمارت کا اِفتتاح کیا ۔اِفتتاحی تقریب میں طلباء اور مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔پرنسپل سیکرٹری نے گورنمنٹ پولی تکنیک کالج رام بن کی عمارت کا اِفتتاح کرنے کے بعد کہا کہ اِس عمارت پر عمل آوری ایجنسی پی ڈبلیو ڈی ( آر اینڈ بی ) رام بن کی طرف سے اَب تک 13کروڑ روپے خرچ کئے جاچکے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پولی تکنیک کالج تقریباً 65 کنال رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔پرنسپل سیکرٹری نے چندر کوٹ میں نئی تعمیر شدہ عمارت میںکالج کا کام شروع کرنے اور گرائونڈ فلور کے تعمیراتی کام کو مکمل کرنے کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنر کی کوششوں کی تعریف کی۔ اُنہوں نے ایگزیکٹیو اِنجینئر پی ڈبلیو ڈی کو ہدایت دی کہ وہ دوسری اور ٹاپ فلور کا کام جلد اَز جلد مکمل کریں۔ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے کہا کہ تکنیکی ایجادات کی وجہ سے اِداروں میں مطلوبہ بنیادی ڈھانچے کو بہترین طریقے سے ڈھالنے کی ضرورت ہے تاکہ فارغ التحصیل کو موجودہ تیزی سے بڑھتی ہوئی صنعتی دُنیا میں مقابلہ کرنے کے قابل بنایا جاسکے۔اُنہوں نے کہا کہ اِنسٹی چیوٹ میں جدید ضروریات بشمول سول اِنجینئرنگ ، آٹو موبائل اِنجینئرنگ اور ٹوراِزم کو جلد متعارف کیا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ اِدارے میں داخلہ لینے والے نوجوانوں کو معیاری تربیت فراہم کرنے کے لئے تعلیمی اِنتظامات کی بنیاد پر کافی تعداد میں فیکلٹیز فراہم کی گئی ہیں۔ تربیتی مقاصد کے لئے درکار مشینری اور تربیت یافتہ اَفراد کے لئے عملی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لئے اِداروں کو جلد ہی ایک کروڑ روپے فراہم کئے جائیں گے۔پرنسپل سیکرٹری نے پرنسپل پولی تکنیک کالج کو ہدایت دی کہ وہ دستیاب اسامیوں پر صد فیصد اندراج کو یقینی بنائیں۔ اس کے علاوہ نئی تجارت شروع کرنے کی تجویز پیش کریں جس میں مقامی طور پر ملازمت کے مواقع پیدا کرنے کی صلاحیت ہو۔ انہوں نے فیکلٹی ممبران کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ بے روزگاری کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے تربیت حاصل کرنے والوں کو اَپنے منصوبے شروع کرنے کی خاطر حساس بنائیں۔ڈاکٹر اَصغرحسن سامون نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ آل اِنڈیا کونسل فار ٹیکنیکل ایجوکیشن کی طرف سے فراہم کی جانے والی پرگتی سکالر شپ سکیم کے فوائد کے بارے میں لڑکیوں کو آگاہ کریں جس کے تحت 32اہل لڑکیاں پہلے ہی اِدارے میں سالانہ 50,000روپے کی مالی امداد لے رہی ہیں۔ اُنہوں نے پرنسپل کو ہدایت دی کہ وہ طلباء او رعملے کی سہولیت کے لئے نئے تعمیر شدہ وقف بلاکوں کے احاطے میں ورکشاپوں اور کینٹین کا کام شروع کریں۔ ڈاکٹراَصغر حسن سامون نے تربیت حاصل کرنے والوں کو خود کفیل بنانے کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے کالج انتظامیہ سے کہا کہ وہ تربیت حاصل کرنے والوں کے لئے مختلف صنعتی یونٹوں میں باقاعدگی سے فیلڈ وزٹ کا اہتمام کریں تاکہ وہ وہاں کام کرنے کا عملی علم حاصل کر سکیں۔اِس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر نے سکل ڈیولپمنٹ سیکٹر سے متعلق ترقیاتی منظر ناموں کا مختصر جائزہ لیا اور بتایا کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن اِنسٹی چیوشنز اور آئی آر سی او این کے علاوہ دیگر صنعتی کمپنیوں کے درمیان ان کے کام کرنے والے علاقوں سے متعلقہ تربیتی کورسز شروع کرنے کے لئے ایک مفاہمت نامے پر دستخط کئے جائیں گے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے چندر کوٹ میں طلباء کے لئے ہوسٹل کی تعمیر کے مطالبے پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہوسٹل تعمیر مکمل ہونے تک ضلع کے دیگر حصوں سے تعلق رکھنے والے طلباء کو یاتری نیواس میں رکھا جائے گا۔