چندرکوٹ//چندرکوٹ میں آج جمعہ بعد دوپہر حضرت امام حسینؓ کی شہادت کے سلسلے میں سینکڑوں شیعہ مسلمانوں نے چہلم کا جلوس نکالا۔ امام بارگاہ علی نگر کنفرمیں جلوس نکالنے سے پہلے مولانہ سعید سمر کاظمی نے حضرت امام حسین کی زندگی پر روشنی ڈالی جنہوں نے اپنے کنبہ سمیت 72ساتھیوں کے ساتھ کربلا میں یزیدکی فوج سے سچائی اور انسانی اقدار کےلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔جلوس میں لوگ تازیہ ذوالجناح اور عَلم اور دیگر مقدس چیزوں کے ساتھ ماتمی جلوس میں شامل ہوئے۔چہلم کے جلوس کے پیش نظر جموں سرینگر شاہرہ پر ٹریفک پولیس جلوس کے اختتام تک وہیں رہی ۔جلوس میں عزادار سینہ کوبی اور نوحہ خوانی کر رہے تھے۔جلوس امام بارگاہ سے شروع ہو کر کر بلا میں اختتام پذیر ہوا۔ ضلع پولیس اور ضلع انتظامیہ نے جلوس کے دوران سخت سیکورٹی انتظامات کا بندوبست کیا تھا۔جلوس انجمن امامیہ علی نگر کنفرچندر کوٹ کے تحت نکالا گیا تھا۔شام کے وقت امام بارگاہ علی نگر کنفر چندر کوٹ میں شامِ غریباں کی مناسبت سے ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں سینکڑوں مرد و خواتین ،بچے اور بوڑھوں نے شرکت کی۔